عالمی بینک کے سربراہ نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی مقامی مارکیٹ کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کرے اور بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدت پراپنے انحصار میں کمی لائے۔
پیر کے روز بیجنگ کے اپنے دورے کے اختتام پر رابرٹ زولیک نے کہا ہے کہ یہ کہنا مشکل ہے برآمدت پر انحصار کرنے والی معیشت اگلے دس برس میں چین کی مدد کرسکے گی۔
عالمی بینک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چیزوں کی قیمتیں طے کرنے اور تعلیم اور سماجی خدمات پر زیادہ رقوم صرف کرنے کی نسبت معیشت کے حوالے سے ملک کے اندر صارفین کی مانگ بڑھانے کے لیے مارکیٹوں کے قیام جیسی اصلاحات درکارہیں۔
ان کا کہناتھا کہ چین کی بڑھتی ہوئی برآمدت کے لیے ترقی یافتہ ممالک ایک بڑی مارکیٹ ہیں مگر معاشی ترقی کا یہ غیر یقینی انداز ان ممالک میں فروخت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
رولیک نے یہ بھی کہاکہ چین کا سب سے بڑا مسئلہ قلیل مدتی منصوبہ بندی ہے۔