رسائی کے لنکس

ہنگری: ماسک والی 'سانتا کلاز چاکلیٹ' کے چرچے


ہنگری کے ایک حلوائی نے کرونا وبا اور کرسمس کی آمد کے پیشِ نظر ایسی سانتا کلاز چاکلیٹ متعارف کرائی ہے جس میں سانتا کلاز نے بھی ماسک پہن رکھا ہے۔ اس منفرد چاکلیٹ کی آن لائن فروخت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حلوائی کو طلب پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کے نواحی گاؤں کے حلوائی لیسلو ریموچی کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے عالمگیر وبا کے دور میں لوگوں کا حوصلہ بلند کرنے کے لیے ایسا کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ "میرا خیال ہے کرسمس کے موقع پر جب سانتا کلاز کی آمد ہوگی تو اُنہیں ماسک پہننا پڑے گا تاکہ لوگوں تک مثبت پیغام پہنچے اور اچھی مثال قائم ہو۔"

ریموچی نے دارالحکومت سے 70 کلو میٹر دور ایک گاؤں میں اپنے گھر کے ساتھ ہی ایک کارخانہ قائم کر رکھا ہے جہاں وہ اس چاکلیٹ کی طلب پوری کرنے کے لیے ہر روز سو چاکلیٹ سانتا کلاز بنا رہے ہیں۔

سانتا کلاز کا ہیٹ سرخ رنگ سے بنایا گیا ہے اور ماسک بنانے کے لیے بادام اور چینی کے پیسٹ کا استعمال کیا گیا جب کہ آئسنگ کے ربن لگائے گئے ہیں۔

ماسک والے سانتا کلاز کی طلب بڑھنے پر ریموچی کو بڑے سائز کی سانتا کلاز چاکلیٹ کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے اس پر بھی ماسک لگانا پڑا۔

ریموچی کو مارچ میں کرونا وبا کے باعث بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔

کرونا وائرس کی ویکسین سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے آئندہ سال ماسک والے سانتا کی فروخت میں نمایاں کمی آئے گی کیوں کہ سانتا کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

XS
SM
MD
LG