رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کرکٹ: کرس گیل ویسٹ انڈیز کے نائب کپتان نامزد


کرس گیل انڈین پریمیئر لیگ 2019 میں کنگز الیون پنجاب کا حصہ تھے لیکن اُن کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی نہ کرسکی اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آئی۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین کرس گیل کو ورلڈ کپ 2019 کے لئے ٹیم کا نائب کپتان نامزد کردیا ہے۔

اس سے پہلے کرس گیل 2007 سے 2010 کے دوران تینوں فارمیٹ کے 90 میچز میں ویسٹ انڈین ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

کرس گیل کا کہنا ہے کہ ٹیم کے سینئر ممبر کی حیثیت سے وہ کپتان اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔

گیل کا مزید کہنا ہے کہ" کسی بھی فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی میرے لئے ہمیشہ اعزاز کی بات رہی ہے اور یہ ورلڈ کپ تو میرے لئے خاص ہے جو ممکنہ طور پر سب سے بڑا ورلڈ کپ ہے لہٰذا توقعات بھی بہت زیادہ ہوں گی اور میں جانتا ہوں کہ ہم ویسٹ انڈیز کی عوام کے لئے بہت اچھا کرسکتے ہیں۔"

کرس گیل انڈین پریمیئر لیگ 2019 میں کنگز الیون پنجاب کا حصہ تھے لیکن اُن کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی نہ کرسکی اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر آئی۔

کرس گیل کی اپنی پرفارمنس شاندار رہی۔ انہوں نے 13 میچوں میں 152 اعشاریہ 60 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 490 رنز بنائے لیکن وہ آئی پی ایل کی وجہ سے آئرلینڈ میں جاری سہ ملکی کرکٹ سیریز میں شرکت نہیں کرسکے ۔

کرس گیل 289 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 38 اعشاریہ 16 کی اوسط سے مجموعی طورپر 10 ہزار 151 رنز بناچکے ہیں، جس میں 25 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں شامل ہیں، اُن کا بہترین اسکور 215 ہے۔

ایک سو تین ٹیسٹ میچز میں 42 اعشاریہ 18 کی اوسط کے ساتھ اُن کے رنز کی تعداد 7 ہزار 214 ہے، وہ 15 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، کسی بھی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں اُن کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 333 ہے۔

کرس گیل اب تک 58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں اُن کے رنز کی تعداد ایک ہزار 627 ہے، بہترین اسکور 117 ہے جبکہ سنچریوں اور نصف سنچریوں کی تعداد بالترتیب 2 اور 13 ہے۔ یوں کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں اُن کے مجموعی رنز کی تعداد 18 ہزار 992 ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان دنوں آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز میں مصروف ہے جس کے بعد ورلڈ کپ 2019ء کے مقابلوں کے لئے میدان میں اُترے گی، اُس کا پہلا ٹاکرا 31 مئی کو پاکستان کے خلاف ناٹنگھم میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG