رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ 2019ء، آندرے رسل ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل


آندرے رسل
آندرے رسل

آل راؤنڈر آندرے رسل کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے لیے ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ رسل ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ میں مصروف ہیں۔

آندرے رسل نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ جولائی 2018ء میں کھیلا تھا۔ انہیں فروری میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری دو میچز کے لیے دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انجری کے باعث وہ سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔

رسل کے علاوہ دو فاسٹ بالرز شیلڈن کوٹریل اور شینن گیبریل کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ دیگر فاسٹ بالرز میں کیمر روچ اور اوشان تھامس شامل ہیں۔

میگا ایونٹ میں نکولس پورن وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے جب کہ شائی ہوپ کو بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر رکھا گیا ہے۔

لیگ اسپنر دیویندرا بشو اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے۔ فابین ایلن اور ایشلے نرس اسپن بالرز کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

فاسٹ بولرز کیمو پاول اور الزری جوزف بھی سلیکٹرز کو متاثر نہیں کرسکے۔ لہٰذا وہ آئی پی ایل میں اپنے باقی میچز کے لیے بھارت ہی میں رہیں گے۔

تجربہ کار اوپننگ بیٹسمین کرس گیل ایک بار پھر ٹاپ آرڈر کا اہم حصہ ہوں گے۔ انتالیس سالہ کرس گیل 289 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ 38 اعشاریہ 16 کی اوسط کے ساتھ 25 سینچریاں اور 51 نصف سینچریاں ان کے نام ہیں۔

کرس گیل نے انٹرنیشنل سیٹ اپ میں واپسی کے بعد انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 106 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈین سلیکٹرز کو شمرون ہٹمائر اور شائی ہوپ سے بھی رنز کی توقع ہے جب کہ 30 سالہ ڈیرین براوو کا محدود اوورز کی کرکٹ میں تجربہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

آل راؤنڈرز کے شعبے میں آئی سی سی آل راؤنڈرز رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود کپتان جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ کے ساتھ مڈل آرڈر سنبھالیں گے۔

ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، آندرے رسل، شیلڈن کو ٹریل، شینن گیبریل، کیمر روچ، نکولس پورن، ایشلے نرس، فابین ایلن، شمرون ہٹمائر، شائی ہوپ، اوشان تھامس، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیرن براوو اور ایوین لوئس شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG