سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ، جان برینن نے صدارتی انتخاب کے دوران روسی ہیکنگ کا جواب اُسی انداز سے دینے کے بارے میں امریکی حکومت کو انتباہ جاری کیا ہے۔
جمعے کے روز نیشنل پبلک ریڈیو (این پی آر) کو دیے گئے انٹرویو میں، برینن نے کہا کہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ ہمیں اُسی نوعیت اور تیکنیک کے حربے استعمال کرنے چاہئیں جیسا کے ہمارے دشمن ہمارے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ ہم کس مقصد کی سربلندی کے لیے میدان عمل میں ہیں‘‘۔
برینن نے ’این پی آر‘ کے پروگرام ’مارننگ ایڈیشن‘ میں بتایا کہ ’’ہم اپنے ملک، ہماری جمہوریت، ہماری طرزِ زندگی، اور رابطے برقرار رکھنے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اور جس فریب کے حربوں میں ہمارے مخالفین اور دشمن پڑتے ہیں، میرے خیال میں، یہ ہمارے ملک کی عظمت سے گرا ہوا انداز ہوگا‘‘۔