کراچی ۔۔۔ سندھ حکومت کراچی کو فیصل آباد جیسے حالات سے بچانے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے اور اس کے لئے ابھی سے مختلف اقدامات اور تجاویز پر غور کر رہی ہے۔ ایک جانب وہ پی ٹی آئی کو پرامن احتجاج کی مشروط اجازت دینے پر رضامند نظر آتی ہے، تو دوسری جانب 12دسمبر کو عام تعطیل کے اعلان پر بھی سوچا جا رہا ہے۔
مقامی میڈیا میں زیرگردش خبروں میں سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کی جانب سے منتخب مقامات پر مظاہروں کے لئے تیار ہو، تو حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ حکومت کراچی میں فیصل آباد جیسے حالات پیدا نہیں ہونے دے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ اگر تاجر برادری رضاکارانہ طور پر جمعہ کو تجارتی مراکز بند رکھنے پر رضامند ہو، تو حکومت اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔ لیکن، پی ٹی آئی کو زور زبردستی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ عوام کی اپنی مرضی ہے کہ وہ عمران خان کے کراچی بند کی حمایت کریں یا نہ کریں۔
ادھر ایک انگریزی اخبار ’نیشن‘کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سندھ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 12دسمبر کو کراچی بند کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردے۔
دیگر مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ عام تعطیل کا اعلان کسی بھی اندیکھے خدشے، شاہراہیں جام ہونے سے پیدا ہونے والی افراتفری اور دیگر ہنگاموں سے بچنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ، عمران خان نے فیصل آباد کے بعد 12تاریخ کو ’کراچی جام‘ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما صبحان علی ساحل پہلے ہی شہر کے 24مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا اعلان کرچکے ہیں.