رسائی کے لنکس

سینچورین ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن کمزور، کوچ کی کھلاڑیوں سے جھڑپ


اطلاعات کے مطابق مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو خراب پرفارمنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں امکانی شکست کا ذمے دار بھی قرار دیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری سینچورین ٹیسٹ کا جمعے کو تیسرا روز ہے اور جس طرح گزشتہ روز ایک کے بعد ایک ٹیمیں آؤٹ ہوئیں اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ آج ہی میچ کا فیصلہ ہوجائے گا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 149 رنز کا آسان ہدف دیا ہے۔

ہدف کے تعاقب میں اب سے کچھ دیر پہلے تک جنوبی افریقہ کو یہ میچ جیتنے کے لیے صرف 68رنز درکار تھے جبکہ اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔

پاکستان اگر یہ میچ ہار جاتا ہے جس کے بہت زیادہ امکانات ہیں، تو ایسی صورت میں ہار کی سب سے بڑی وجہ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن ہوگی جو ماضی کی طرح مخالف ٹیم کے لیے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

دوسری اننگز میں تمام سینئر کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور ان کی مایوسی اس حد تک بڑھی کہ خود ٹیم کوچ مکی آرتھر سینئر کھلاڑیوں پر غصے سے آگ بگولا ہوگئے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق کوچ آرتھر کی نہ صرف کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق سے ڈریسنگ روم میں جھڑپ ہوئی، بلکہ مبینہ طور پر انہوں نے غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہوئے غصے میں آس پاس موجود مختلف چیزوں کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔

مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو خراب پرفارمنس پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں امکانی شکست کا ذمے دار بھی قرار دیا اور کھلاڑیوں پر جان بوجھ کر وکٹ گنوانے کا الزام بھی لگایا۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسے کسی واقعے کی تردید کی ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں کپتان سرفراز احمد دونوں اننگز میں صفر پر آئوٹ ہوئے۔ اسد شفیق نے صرف 6 رنز بنائے جب کہ اظہر بھی رنز کا کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس پر مکی آرتھر سخت نالاں نظر آئے۔

اگر یہ خبر غلط بھی ہو تو بھی مکی آرتھر کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ناراضگی کے قصے نئے نہیں ہیں۔ بلکہ اس سے قبل وہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی جھگڑا کرکے کوچنگ سے محروم ہو چکے ہیں۔

آرتھر ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے بھی کوچ رہے ہیں جب کہ پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل سے ان کا جھگڑا بھی ریکارڈ پر ہے۔

سینچورین ٹیسٹ کو دیکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بھی وہاں موجود تھے اور کہا جا رہا ہے کہ انہیں بھی اس جھگڑے کی اطلاع مل چکی ہے۔

مقامی میڈیا میں یہ خبریں گرم ہیں کہ احسان مانی اس جھڑپ کا سخت نوٹس لیں گے لیکن سیریز مکمل ہونے کے بعد۔ اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ اس جھڑپ کا فیصلہ کیا ہوگا؟

یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سیریز ختم ہوتے ہوتے صورتِ حال بدل جائے اور احسان مانی اسے نظر انداز کردیں۔

XS
SM
MD
LG