رسائی کے لنکس

بھارتی کامیڈین راجو شری واستو کی طبیعت ناساز، وینٹی لیٹر پر منتقل


بھارت کے معروف کامیڈین راجو شری واستو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا ہے۔

بھارتی جریدے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق راجو شری واستو بدھ کو دہلی کے ایک جم میں سینے میں تکلیف کے باعث زمین پر گر گئے تھے جس کے بعد انہیں فوری طور پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق کامیڈین راجو کو دل کا دورہ پڑا تھا جن کی فوری طور پر اینجیو پلاسٹی بھی کی گئی۔

'انڈیا ٹوڈے' نے بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے راجو شری واستو کو جمعرات کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا ہے۔

راجو شری واستو کے آفیشل انسٹاگرام سے بدھ کو ہندی میں ایک پیغام بھی جاری کیا گیا تھا جس میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی گئی۔

کامیڈین کے بھائی آشیش شری واستو کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی اے آئی آئی ایم ایس میں زیرِ علاج ہیں اور وہ راجو سے ملاقات کے بعد ہی دیگر تفصیلات سے آگاہ کر سکیں گے۔

راجو شری واستو کا شمار بھارت کے معروف کامیڈین میں ہوتا ہے اور وہ کئی کامیڈی شوز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ بھارتی کامیڈین دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج، کامیڈی سرکس، کپل شرما شو، شکتی مان اور دیگر شوز میں اپن فن کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ راجو کئی بالی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہو چکے ہیں جن میں 'میں نے پیار کیا'، 'تیزاب' اور 'بازی گر' شامل ہیں۔ حال ہی میں انہیں 'انڈیا لافٹر چیمپئن' میں مہمانِ خصوصی کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG