ہالی وڈ ہو یا بالی وڈ رواں برس متعدد ایسی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنی ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین نے یہاں کا رخ کیا۔ پاکستان کی فلم انڈسڑی کے لیے بھی سال 2022 خوش آئند رہا کیوں کہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقع پر فلموں کی ریلیز نے سنیما کو پھر آباد کر دیا۔
ہالی وڈ کے سپر اسٹار بریڈ پٹ کی نئی ایکشن فلم 'بلٹ ٹرین ' کی اس وقت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش جاری ہےجب کہ بالی وڈ اداکار عامر خان کی 'لال سنگھ چڈھا 'اور اکشے کمار کی 'رکشا بندھن ' جمعےکو ریلیز ہو گی۔
اسی طرح پاکستان میں بھی رواں برس بہت سی ایسی فلمیں ریلیز ہونے کے لیے تیار ہیں جن کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔
سال 2022 میں ایسی کون سی فلمیں ریلیز ہونے کے لیےتیار ہیں جن کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے؟ چلیں جانتے ہیں۔
براہماستر، پارٹ ون: شیوا
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے مداحوں کو ہدایت کار ایان مکرجی کی اس فلم کا کافی عرصے سےہے۔ اداکار جوڑے کی یہ ایک ساتھ پہلی فلم ہے۔ اس سے قبل دونوں نے کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
فلم کی کہانی رنبیر کپور کے کردار شیوا کے گرد گھومتی ہے جو جادوئی طاقتوں کا مالک ہوتا ہے۔ 'براہماستر ' نو ستمبر کو ریلیز ہوگی، 300 سے 500 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ میں بننے والی فلم میں اسپیشل ایفیکٹس کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔ 'براہماستر' کے ہدایتکار کا کہنا ہے کہ اس فلم کے مزید دو پارٹ آئیں گے۔
یاد رہے کہ رواں برس رنبیر کپور کی ریلیز ہونے والی فلم 'شمشیرا' باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تھی۔
بھائی جان
بالی وڈ کے 'سلطان' سلمان خان کے چاہنے والوں کو ہر سال ان کی فلم کا انتظار ہوتا ہے۔ رواں برس سلمان خان 'فلم بھائی جان' میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
فلم کے ہدایت کار فرحاد سمجی ہیں جب کہ اس میں سلمان خان کے ساتھ ساتھ پوجا ہیگڈے، شہناز گِل اور وینکاٹیش کاسٹ میں شامل ہیں۔
'بھائی جان' تامل فلم 'ویرم' کا ہندی ری میک ہے جو 30 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ
ہدایت کار بلال لاشاری نے جب دسمبر 2018 میں پنجابی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کا ٹریلر ریلیز کیا تھا تو شائقین کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار تھا۔
تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے فلم کی ریلیز کئی بار موخر ہوتی رہی۔ اب بالآخر رواں سال یہ فلم 13 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں فواد خان کے ساتھ ساتھ حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، ماہرہ خان، گوہر رشید اور علی عظمت بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ جب کہ اسے پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جارہا ہے۔
یہ فلم سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے لکھاری ناصر ادیب تھے۔
ٹچ بٹن
پاکستانی فلم 'ٹچ بٹن' رواں سال 28 اکتوبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 'ٹچ بٹن' کے ذریعے گلوکار و اداکار فرحان سعید بطور فلم کے ہیرو اور قاسم علی مرید بطور فلم کے ہدایت کار ڈیبیو کریں گے۔
فلم کی کہانی مصنفہ فائزہ افتخار نے لکھی ہے جب کہ اسے اداکارہ عروہ حسین پروڈیوس کر رہی ہیں۔ 'ٹچ بٹن' میں اداکارہ ایمان علی، سونیا حسین اور فیروز خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
'ٹچ بٹن' کی شوٹنگ پاکستان کے ساتھ ساتھ ترکی میں بھی ہوئی ہے۔ اس فلم کو پہلے 2020 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز کیا جانا تھا لیکن کرونا کی وجہ سے اس کی ریلیز مؤخر کردی گئی تھی۔
کارما
موسیقار کاشان ادمانی کی فلم ' کارما' دو ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
پاکستانی فلم 'کارما' کی کہانی ایک ایسے اغوا کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک امیر آدمی کو اسی کی گاڑی میں اس وقت تک گھمایا جاتا ہے جب تک اس کی بیوی تاوان دینے کے لے راضی نہیں ہوجاتی۔
فلم کی خاص بات اس کے ایکشن سین ہیں۔'کارما' میں مرکزی کردار اسامہ طاہر، نوین وقار اور ژالے سرحدی ادا کیا ہے۔ علاوہ ازیں عدنان صدیقی، خالد انعم اور ارجمند رحیم بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔
بیسٹ
ہالی وڈ اداکار اڈرس ایلبا کی فلم 'بیسٹ' میں ان کے کردار کا مقابلہ ایک ایسے آدم خور شیر سے ہوتا ہے جو اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لیے جنگل کے قریب موجود انسانوں کا شکار کرتا ہے۔
فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ سن 1996 میں ریلیز ہونے والی 'دی گوسٹ اینڈ دی ڈارکنیس' جیسی ہے۔ جس میں دو آدم خور شیروں سے انسانوں کا واسطہ پڑتا ہے۔
فلم 'بیسٹ' 18 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
بلیک ایڈم
'دی راک' کے نام سے مشہور اداکار ڈوین جانسن پہلی بار ایک سپر ہیرو کے کردار میں فلم 'بلیک ایڈم' میں نظر آئیں گے۔ فلم 21 اکتوبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
اس سے قبل وہ اینی میٹڈ فلم 'ڈی سی لیگ آف سپر پیٹس' میں سپر مین کے ساتھی کرپٹو کی آواز ڈب کرچکے ہیں لیکن سپر ہیرو کے روپ میں نظر نہیں آئے۔
اس فلم میں 'بلیک ایڈم' جسٹس سوسائٹی آف امریکہ کے ساتھ مل کر ایک ایسے ولن کو شکست دینے کی کوشش کرتا ہے جس کامقصد صرف دنیا کی تباہی ہوتا ہے۔
'بلیک ایڈم' میں دی راک کے ساتھ ساتھ سابق جیمز بانڈ پیئرس بروسنن، ایلڈس ہوج، سارا شاہی اور ماروان کینزاری بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ایمسٹرڈیم
ہدایت کار ڈیوڈ او رسل کی فلم 'ایمسٹرڈیم'چار نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی کہانی تین ایسے دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو 1930 میں ایک قتل کے چشم دید گواہ بن جاتے ہیں مگر جب انہیں اسی قتل میں پھنسانے کی کوشش کی جاتی ہے تو وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
امکان ہے کہ ڈیوڈ او رسل کی دیگر فلموں کی طرح یہ بھی اکیڈمی ایوارڈز کی جیوری کو محظوظ کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
بلیک پینتھر: وکانڈا فور ایور
مارول کامیکس کے مشہور کردار 'بلیک پینتھر 'کو اداکار چیڈویک بوسمین نے ادا کیا تھا لیکن ان کی وفات کے بعد ریلیز ہونے والے دوسرے حصے میں امکان ہے کہ کوئی نیا اداکار یہ کردار ادا کرے گا۔
فلم کی کہانی افریقہ کے ایک ملک وکانڈا کے گرد گھومتی ہے جو ہر قسم کی نعمت سے مالامال ہوتا ہےاور جسے اس کے وسائل سے محروم کرنے کے لیے بیرونی طاقتیں حملہ کرتی ہیں۔
'بلیک پینتھر' اپنی جادوئی طاقتوں کی وجہ سے وکانڈا کا ہر بار کامیاب دفاع کرتا ہے۔ فلم 11 نومبر ریلیز کی جائے گی۔
ایواٹار: دی وے آف واٹر
سن 2009 میں جب ہدایت کار جیمز کیمرون نے سائنس فکشن فلم 'ایواٹار' ریلیز کی تھی تو انہیں گمان بھی نہیں تھا کہ اس کا شمار کامیاب ترین فلموں میں ہوگا۔
'ایواٹار' کو اس کے اسپیشل ایفیکٹس، کہانی اور ایکشن سینز کی وجہ سے خوب پسند کیا گیا۔
'ایواٹا' کی دوسری فلم کی کہانی جیک سلی اور اس کے خاندان کے گرد گھومتی ہے جنہوں نے پہلی فلم میں بیرونی طاقتوں کو شکست دے کر اپنی دنیا کو محفوظ بنایا تھا۔
اداکار سیم ورتھنگٹن، زوئی سیلڈانا، سگرنی ویور اور اسٹیفن لینگ تو اس فلم کا پہلے ہی سے حصہ ہیں جب کہ اس بار اداکارہ کیٹ ونسلیٹ اور ون ڈیزل بھی کاسٹ میں شامل ہوں گے۔فلم 16 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔
شیزام: فیوری آف دی گوڈز
ڈی سی کامیکس کے کردار شیزام کی سنیما میں واپسی ان شائقین کے لیے ایک اچھی خبر ہے جنہیں اس کردار کی پہلی فلم بے حد پسند آئی تھی۔
فلم'شازام' کی کہانی ایک ایسے ٹین ایجر کے گرد گھومتی ہے جو صرف 'شیزام' کا لفظ کہہ کر ایک سپر ہیرو بن جاتا ہے۔ اس کا جسم تو طاقت ور ہوتا ہے لیکن اس کی عقل ایک ٹین ایجر کی طرح ہی رہتی ہے۔
اداکار زیکری لیوی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ اداکارہ ہیلن میرین اور لوسی لیو ولن کے کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم 21 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔