کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے صدر مائیکل فینل نے کھیلوں کے دوران شائقین کی غیر موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بہت سے کھیلوں میں شائقین نظر ہی نہیں آرہے ہیں۔
کھیلوں کی انتظامی کمیٹی بھی شائقین کی کم تعداد پر فکرمند ہے اور ایک طرف جہاں بہت سے میدانوں اور اسٹیڈیموں میں ہی ٹکٹ کھڑکیاں بنائی جارہی ہیں وہیں انتظامیہ کمیٹی کے ذمہ داران شائقین کو مفت ٹکٹ دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
اُدھر انتظامیہ کمیٹی کے چیرمین سریش کلماتی کو آسٹریلیائی کھلاڑیوں سے معافی مانگنی پڑی ہے جنِھوں نے یہ الزام لگایا تھا کہ افتتاحی تقریب کے دوران اُن کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک کیا گیا جِس کی وجہ سے بہت سے کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہوگئی۔
افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے کا جِس شاندار انداز میں خیر مقدم کیا گیا اُس سے دونوں ممالک کے مابین تلخیاں کم ہوتی نظر آرہی ہیں۔
پاکستانی ویٹ لفٹنگ دستے کے منیجر راشد محمود نے اعتراف کیا ہے کہ اُنھیں بھارت عوام کی جانب سے اِس حوصلہ بخش سلوک کی امید نہیں تھی۔ اُنھوں نے ہمیں سب سے زیادہ عزت دے کر ہمیں حیران اور ششدر کردیا ہے۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ یہاں آنے سے پہلے سکیورٹی کے تعلق سے بہت تشویش میں تھے لیکن اب ہمارے اہلِ خانہ مطمئن ہیں۔
دریں اثنا، کھیلوں کا دوسرا دِن بھارت کے لیے خاصی حصولیابی والا رہا۔ اُس نے یکے بعد دیگرے سونے کے تین اور چاندی کا ایک تمغہ حاصل کیا ۔ ویٹ لفٹنگ میں دو چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کے بعد منگل کے روز نشانے بازوں نے سونے پر نشانہ لگایا۔ پہلے ابینو بِندرا اور گگن نارنگ کی جوڑی نے اور پھر انیسہ سعید اور راہی کی جوڑی نے سونے کے تمغے حاصل کیے۔ اِس کے بعد مرد کُشتی کے 60کلوگرام وزن کے گریگو رومن اِوینٹ میں روندر سنگھ نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اِن کھلاڑیوں نے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔راہی نے اسے اپنی بہت بڑی کامیابی قرار دیا۔ بِندرا اولمپک گولڈ وِنر اور نارنگ عالمی چمپین ہیں۔
انگلینڈ کے جیمز ہیکل اور کینی پار نے چاندی کا اور بنگلہ دیش کے عبد الحئی باقی اور آصف حسین خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
اِس طرح کھیلوں کے دوسرے روز اب تک 19میڈل جیت کر آسٹریلیا سرِ فہرست ہے جبکہ 11میڈل لے کر انگلینڈ دوسرے نمبر پر ہے اور نو میڈل کے ساتھ بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔بھارت سہ پہر تک دوسری پوزیشن پر تھا مگر شام ہوتے ہوئے وہ تیسری پوزیشن پر آگیا۔
آسٹریلیا کو سونے اور چاندی کے آٹھ آٹھ ، انگلینڈ کو سونے کے دو اور چاندی کے پانچ اور بھارت کو سونے کے تین اور چاندی کے چار تمغے حاصل ہوئے ہیں۔