پاکستانی دستے سے تعلق رکھنے والے ٹینس اور اسکواش کے کھلاڑیوں نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیر کے روز کامن ویلتھ گیمز کے پہلے دن کھیلے جانے والے اپنے تمام میچز جیت لیے۔
پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے پہلے میچ میں یوگنڈا کے موگابے ڈنکن کسومبا کو 2-6، 6-7 سے شکست دے کر ایونٹ کا پہلا میچ جیت لیا۔
دوسرے جانب نئی دہلی میں کھیلے جانے والے اسکواش کے ابتدائی رائونڈ میں بھی پاکستانی اسکواڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دن کھیلے جانے والے اپنے تمام چار میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کے فرحان محبوب نے یوگنڈا کے سام کیاگلانئی کو 3-11، 4-11اور 8-11 اور پاکستان ہی کے دانش اطلس نے جمائیکا کے بروس بوروئس کو 1-11، 5-11 اور 8-11 سے بآسانی شکست دے دی۔
ایونٹ کے باقی دو میچز میں پاکستان کے عامر اطلس نے بنگلہ دیش کے مسعود رانا کو 2-11، 2-11 اور 6-11 جبکہ یاسر بٹ نے جمیکا کے کرسٹوفر بنی کو ہرا کے فتح اپنے نام کی۔