بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں ماؤ ںواز باغیوں کے حملے میں کم ازکم 10 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریاست کی پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار پی کے ٹھاکر نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین باغی بھی ہلاک ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقع بہار کے دارالحکومت پٹنا سے 170 کلومیٹر جنوب میں واقع دمرینالہ کے علاقے میں پیر کو پیش آیا۔
امریکی خبررساں ادارے 'اے پی' کے مطابق ایک دوسرے پولیس افسر پی کے ساہو نے کہا کہ باغیوں نے اس واقعہ میں باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں ایک دیسی ساختہ بم استعمال کیا اور یہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
ٹھاکر نے کہا کہ آٹھ سکیورٹی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور پانچ زخمیوں میں تین نے اسپتال میں دم توڑا۔ انہوں نے کہا کہ مارے جانے والے تین باغیوں کی لاشوں کو بھی برآمد کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس کی کوبرا بٹالین کے اہلکار وں نے گزشتہ دو روز سے باغیوں کے خلاف سکیورٹی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
بھارت کی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں میں ہزاروں کی تعداد میں ماؤ نواز باغی سرگرم ہیں اور وہ عام شہریوں، سکیورٹی فورسز اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرتے رہتے ہیں۔