پاکستان کے صوبے پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنر کا کرونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے گایا گیا گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ لوگ ایک سرکاری افسر کے اس انداز کو پسند کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گانا گنگنا کر کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کا مقابلہ کرنے کا پیغام دے رہے ہیں۔
بالی وڈ کی فلم 'چلتے چلتے' کے ایک گانے 'تم نے نا جانا کہ میں دیوانا' کی طرز اور بول تبدیل کر کے اُنہوں نے ایک گانا ترتیب دیا۔ جسے سوشل میڈیا پر پذیرائی مل رہی ہے۔
گانے کے بول یہ ہیں "پرہجوم جگہوں پے،،،تم کم ہی جانا،،، اور گلے نہ ملنا،،، نہ ہاتھ ملانا،،، بس دور سے سلام کرنا،،، ڈرو نہ ڈرو نہ ڈرو نہ، کرونا سے مل کے سب لڑو نا،،،،
نوید شہزاد مرزا نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "میرا خیال ہے کہ اچھا میوزک اور اچھی شاعری مل کر لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ اگر ایک سرکاری افسر اس انداز میں بات آگے پہنچائے تو لوگ اس کا اثر لیتے ہیں۔"
نوید شہزاد نے کہا کہ اس گانے کے بول انہوں نے خود لکھے ہیں۔ اس سوال پر کہ کیا گانے کا شوق بچپن سے تھا؟ نوید شہزاد مرزا نے کہا کہ اسکول کالج کے دور میں بہت شوق تھا۔
سوشل میڈیا پر صارفین اُن کے اس گانے کو شیئر کر رہے ہیں۔
اُن کے بقول "گورنمنٹ کالج کی میوزک سوسائٹی بہت متحرک تھی۔ وہاں بہت زیادہ حصہ لیا کرتے تھے۔ اس کے ساتھ معروف گلوکار شفقت امانت علی کے ساتھ میری بہت دوستی ہے جن کے ساتھ اکثر بیٹھک ہوا کرتی تھی۔"
نوید شہزاد نے کہا کہ پیشہ ور گلوکار کو بھی کرونا وائرس سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے گانے بنانے چاہئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابتداً وہ پروفیشنل اسٹوڈیو میں یہ گانا ریکارڈ کرانا چاہتے تھے۔ لیکن کرونا وائرس اور کام کے دباؤ کے باعث وہ ایسا نہ کر سکے۔ اُن کے بقول اُنہوں نے گھر پر ہی موبائل فون پر ریکارڈ کر کے اسے سوشل میڈیا پر جاری کر دیا۔
حافظ آباد میں کرونا وائرس کی صورتِ حال کے حوالے سے نوید نے بتایا کہ اب تک ان کے ضلع میں کرونا کا کوئی مریض مثبت نہیں آیا۔ البتہ اس حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قرنطینہ کے لیے اسپتالوں میں جگہ مختص کردی گئی ہے۔
اس سوال پر کہ ان کے اعلیٰ افسران کا اس ویڈیو پر کیا ردعمل تھا؟ نوید شہزاد کا کہنا تھا کہ "وہ سب اس ویڈیو پر بہت خوش ہوئے۔ میں نے اس سے قبل اس گانے کی آڈیو ریکارڈنگ کی اور انہیں بھجوائی جسے افسران نے بہت پسند کیا۔ جس کے بعد میں نے ویڈیو بنائی اور اسے بھی صوبے کے حکام نے پسند کیا۔"
اُن کے بقول پیغام وہی ہے جو ذرائع ابلاغ میں آ رہا ہے کہ کس طرح اس مرض سے بچنا ہے۔ لیکن میرا انداز مختلف ہے اور اُمید ہے لوگوں تک یہ پیغام پہنچے گا۔