رسائی کے لنکس

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ نے چند روز قبل ہی اپنی 34ویں سالگرہ منائی ہے جس کے لیے انہوں نے ایک بڑی پارٹی کا انعقاد کیا تھا۔ اس پارٹی میں چہرے پر ماسک پہننے یا سماجی دوری کی احتیاط کا بھی کوئی خیال نہیں رکھا گیا تھا۔

آٹھ مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ نے پیر کو سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کا انتظار ہے۔

پیر کی شب جمیکا کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی کہ یوسین بولٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یوسین بولٹ نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ان کے مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے جب کہ بعض افراد یوسین بولٹ میں وائرس کی تشخیص کو ان کی لاپرواہی کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کے بعد بولٹ نے ٹوئٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ وبا سے بچنے کے لیے میں آئسولیشن میں چلا گیا ہوں اور اس صورتِ حال کو آسان لے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامت نہیں تھی اور سانس کی بیماری کی وجہ سے وہ اس مرض کو شکار ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ یوسین بولٹ مسلسل تین اولمپکس مقابلوں میں 100 اور 200 میٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل جیتنے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔

بولٹ کی سالگرہ میں انگلینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان رحیم اسٹرلنگ بھی شریک تھے جنہیں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جمیکا میں کرونا کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب تک 1600 سے زیادہ کیسز اور 16 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

جمیکا کے حکام نے اسکول کھولنے کو مزید ایک ماہ کے لیے مؤخر کر دیا ہے جب کہ شہری بدستور قومی سطح پر نافذ کرفیو میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG