پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 28 ہزار تک پہنچ گئی
پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 28 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے 39 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 27 ہزار 986 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ پنجاب میں 12 ہزار 724 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ اس کے بعد سندھ میں سات ہزار 451 لوگوں کی موت وبا سے ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں پانچ ہزار 608، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 930، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 738، بلوچستان میں 349 اور گلگت بلتستان میں 186 افراد کرونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی اموات کی شرح 2.2 فی صد ہے۔
روس میں اموات میں مسلسل اضافہ
روس میں کرونا وائرس سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ رواں ہفتے پانچویں بار یومیہ ریکارڈ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق روس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وبا سے 890 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جو کہ ایک دن میں ہلاکتوں کا ریکارڈ ہے۔ قبل ازیں ایک دن پہلے وبا سے اموات کی تعداد 887 تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ وبا سے 24 گھنٹوں میں مزید 25 ہزار 769 افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ فی الوقت لاک ڈاؤن یا ماسک پہننے کے حوالے سے قانون سازی نہیں کی جا رہی بلکہ ان کا اطلاق ویسے ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ روس کی آباد لگ بھگ 14 کروڑ 50 لاکھ ہے جن میں سے 75 لاکھ افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ دو لاکھ 10 ہزار کے قریب اموات ہوئی ہیں۔
دبئی ایکسپو کی تیاری اور انتظامات کے دوران وبا سے اموات کی تصدیق
دبئی میں ہونے والی ایکسپو 2020 کی انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ اس بین الاقوامی ایونٹ کی تیاری کے دوران انتظامی عملے کے تین افراد وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کام کے لیے آنے والے تارکین وطن کے حاالات کے حوالے سے پہلے بھی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ اب ایکسپو کی اتنظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ وبا کے ساتھ ساتھ دیگر تعمیراتی کاموں میں بھی تین افراد کی موت ہوئی تھی۔
انتظامیہ نے تاحال یہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے اس ایکسپو کی تیاری میں شامل مزدروں اور دیگر عملے کے کتنے افراد مجموعی طور پر متاثر ہوئے تھے۔
پاکستان میں مزید 35 افراد ہلاک
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 35 اموات ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز ہونے والی اموات کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 27 ہزار 866 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر میں اموات کی تعداد بہت زیادہ تھی البتہ حالیہ لہر میں اس میں کمی آئی ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ یومیہ اموات رواں برس 27 اپریل کو ریکارڈ کی گئی تھیں۔ جب ملک بھر میں 201 افراد ہلاک ہوئے تھے۔