کیا سوشل میڈیا نوجوانوں کو ڈپریشن کا شکار کر رہا ہے؟
'اسٹیٹ آف مینٹل ہیلتھ ان امریکہ' نامی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس میں ایک سال پہلے کی نسبت 15 لاکھ زائد افراد کو ذہنی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ نوجوانوں میں سب سے زیادہ ڈپریشن کی علامات دیکھی گئیں۔ دیکھیے لائف تھری سکسٹی میں ماہر نفسیات ڈاکٹر کمال باہل سے صبا شاہ خان کی گفتگو۔
’ہو سکتا ہے وبا کبھی مکمل طور پر ختم نہ ہو‘
امریکہ میں وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ کرونا وائرس کبھی بھی مکمل طور پر ختم نہ ہو۔
صدر جو بائیڈن کے مشیر اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انفیکشس ڈیزیز کے ڈائریکٹر انتھونی فاؤچی نے بدھ کو وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران خدشہ ظاہر کیا کہ دنیا کا بیشتر حصہ ہو سکتا ہے کہ کرونا وائرس کے زیرِ اثر ہی رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل ہوتا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب یا ممکنہ طور پر کبھی بھی اس قدر تیزی سرعت سے پھیلنے والے وائرس کو حقیقی معنی میں ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا بیشتر حصہ اب بھی وبا کے زیرِ اثر ہے البتہ نئے کیسز میں اضافے کی شرح میں کمی آ چکی ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے واضح کیا کہ صحت عامہ کے ماہرین وبا پر قابو پانے کی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جس سے عمومی حالات کی جانب واپسی ہو جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔
پاکستان: ایک ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار چار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز 43 ہزار 389 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ تین ایک فی صد رہی۔
کرونا وائرس کی روک تھام کے ذمہ دار ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار 28 مریض دم توڑ گئے ہیں اور 2473 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
آسٹریلیا: سڈنی میں تین ماہ سے زائد عرصے کے بعد پابندیوں میں نرمی
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں تین ماہ سے زائد عرصے کے بعد ویکسین کا کورس مکمل کرنے والوں کے لیے ہیئر ڈریسرز، جم، کیفے اور بارز کھول دیے گئے ہیں۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر سڈنی کے حکام نے 70 فی صد شہریوں کو ویکسین کا کورس مکمل کرنے پر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔
پیر تک 73 اعشاریہ پانچ فی صد شہریوں کی ویکسین مکمل ہونے پر پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے جہاں اب تک 16 اور اس سے زائد عمر کے افراد ویکسین کا کورس مکمل کر چکے ہیں جب کہ 90 فی صد شہری کم از کم ویکسین کی ایک خوراک لگوا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 80 فی صد شہریوں کی ویکسین کا ہدف پورا ہونے کے بعد پابندیوں میں مزید نرمی کی جائے گی اور ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہری بیرونِ ملک بھی سفر کر سکیں گے۔
ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 496 نئے کیسز اور آٹھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔