امریکہ: کرونا کے سبب نرسیں نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا
کرونا وبا کے آغاز سے سب سے زیاد دباؤ طبی عملے خصوصاً مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والی نرسوں پر رہا ہے۔ امریکہ میں طبی کام کی زیادتی کی وجہ سے نرسوں کی نفسیاتی صحت متاثر ہونے لگی ہے۔ مزید جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
اومیکرون تیزی سے پھیلنے، ویکسین کا مقابلہ کرنے والا کم مہلک وائرس ہے: رپورٹ
کرونا وائرس کی چوتھی لہر جسے اومیکرون کا نام دیا گیا ہے، اس سے قبل کی جینیاتی اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے، تاہم تازہ ترین اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ یہ اتنا مہلک نہیں ہے، جتنا کہ اس کے پھیلنےسے قبل خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔
اس ویریئنٹ کی ابتدا جنوبی افریقہ سے ہوئی ہے۔ وہاں اس سلسلے میں اکھٹے کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق یہ کرونا وائرس کی گزشتہ جینیاتی قسم ڈیلٹا کے مقابلے میں کم شدت کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ لیکن فائزر کی ویکسین اس کے پھیلاؤ کے خلاف نسبتاً کم مدافعت فراہم کرتی ہے، لیکن مرض کی شدت میں اضافے اور مریض کے اسپتال تک جانے کی نوبت کم آتی ہے ۔
اگرچہ منگل کو جاری کردہ نتائج ابتدائی نوعیت کے ہیں اور ان پر نظر ثانی نہیں کی گئی ہے, لیکن ان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اومیکرون زیادہ تیزی اور زیادہ آسانی سے ایک سے دوسرے فرد کو منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اومیکرون سے بچاؤ کے خلاف فائزر ویکسین صرف 33 فی صد تحفظ فراہم کرتی ہے، لیکن اسپتال جانے کا خطرہ 70 فی صد تک کم کر دیتی ہے۔ یہ اعداد و شمار جنوبی افریقہ کی سب سے بڑی پرائیویٹ ہیلتھ انشورنس کمپنی 'ڈسکوری ہیلتھ' نے فراہم کیے ہیں۔
امریکہ میں جعلی ویکسی نیشن کارڈ کی فروخت کیسے ہو رہی ہے؟
امریکہ میں سوشل میڈیا کے لاتعداد اکاؤنٹس چند سو ڈالرز میں کرونا ویکسی نیشن کے جعلی کارڈز بنانے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی الیکٹرونک ڈیٹا بیس میں اس جعلی کارڈ کے اندراج کا وعدہ بھی کیا جا رہا ہے۔ مزید جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
کرونا ویکسین لگوانے سے انکار پر امریکی فضائیہ کے 27 اہل کار برخاست
امریکہ کی فضائیہ کے 27 اہل کاروں کو کرونا ویکسین لگوانے سے انکار پر ملازمتوں سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کرونا ویکسین لگوانے کے حکم سے انکار کرنے والے یہ پہلے سروس ممبرز ہیں جنہیں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے۔
امریکی ایئر فورس نے اپنے تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی تھی کہ وہ دو نومبر تک کرونا ویکسین لگوا لیں۔ البتہ ہزاروں اہل کاروں نے یا تو ویکسین لگوانے سے انکار کیا یا مختلف وجوہات کی بنا پر استثنٰی کی درخواست کی۔
ایئر فورس کی ترجمان این اسٹیفنک نے پیر کو ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ کرونا ویکسین سے متعلق معاملات کے باعث ملازمتوں سے فارغ ہونے والے اولین اہل کار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملازمتوں سے برخاست ہونے والے زیادہ تر اہل کار نوجوان اور نچلے رینکس کے افسران ہیں۔
اسٹیفنک نے مزید کہا کہ ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے افسران اور اہل کاروں کو باعزت طریقے سے رُخصت کرنے کے لیے امریکی کانگریس کے ذریعے قانون سازی پر بھی کام ہو رہا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے رواں برس کے آغاز پر تمام سروس ممبرز کے لیے ویکسین لازمی قرار دے دی تھی جس کے لیے مسلح افواج کی جانب سے مختلف ڈیڈ لائنز مقرر کی گئی تھیں۔