رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:13 3.1.2022

امریکہ سمیت دنیا بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ایک بار پھر دنیا بھر میں نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں سالِ نو کے آغاز پر ہی چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اومیکرون ویریئنٹ نے امریکہ، یورپ، برطانیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے بعد کئی ممالک دوبارہ پابندیاں سخت کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اتوار کو سخت موسم اور اومیکرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث صرف امریکہ میں لگ بھگ 2400 فلائٹس منسوخ کی گئیں۔

کرسمس اور سالِ نو کی تعطیلات کے موقع پر لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں، تاہم اومیکرون ویریئنٹ کے باعث پروازوں کو منسوخ کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

16:46 3.1.2022

امریکی وزیرِ دفاع بھی کرونا وائرس سے متاثر

امریکہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وزیرِ دفاع لائڈ آسٹن بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔

اتوار کو ایک بیان میں پینٹاگان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انہیں 'معمولی' علامات ہیں اور انہوں نے آئندہ پانچ دنوں کے لیے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مکمل ویکسین شدہ ہیں اور انہوں نے بوسٹر شاٹ بھی لگوا رکھی ہے جس کی وجہ سے انہیں معمولی علامات ہیں ورنہ یہ زیادہ ہو سکتی تھیں۔

18:05 2.1.2022

لیونل میسی بھی کرونا وائرس کا شکار

ارجنٹائن کے فٹ بالر اسٹار لیونل میسی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

لیونل میسی کے علاوہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے تین کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پی ایس جی کلب کے دفاعی کھلاڑی، گول کیپر اور مڈ فیلڈر بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد چار کھلاڑی قرنطینہ یا تنہائی میں چلے گئے ہیں۔

چونتیس سالہ میسی نے گزشتہ برس اگست میں بارسلونا کلب کو خیر آباد کہہ کر پی ایس جی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

17:54 2.1.2022

بھارت میں کرونا کیسز میں پھر اضافہ

کرونا کی نئی قسم اومیکرون کے سامنے آنے کے بعد بھارت میں کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اتوار کو بھارت میں کرونا کے مزید 27 ہزار کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

البتہ دہلی کے وزیرِ اعلٰی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ کیسز میں اضافے کے باوجود اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔

بھارت میں مسلسل پانچ روز سے کرونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، دہلی اور ممبئی میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں امیکرون ویریئنٹ سے متاثرہ مریض بھی شامل ہیں۔

دہلی میں کرونا کے فعال کیسز میں تین روز کے دوران تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

بھارت میں اب تک کرونا کے تین کروڑ 40 لاکھ مصدقہ کیسز جب کہ چار لاکھ 81 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیال رہے کہ کرونا کے اومیکرون ویریئنٹ کے باعث دنیا بھر میں کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG