تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید پابندیاں عائد
کرونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد تھائی لینڈ نے قرنطینہ میں رعایت کا پروگرام ’ٹیسٹ اینڈ گو‘ معطل کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مزید پابندیاں بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
ٹیسٹ اینڈ گو پروگرام کے تحت سیاحوں کو صرف کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک ایک رات کا قرنطینہ کرنا ہوتا تھا۔
حکومت نے اگرچہ لاک ڈاؤن کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن حالیہ اقدامات کے بعد تھائی لینڈ میں سفری پابندیاں بڑھا دی گئی ہیں۔
فرانس میں مسلسل ساتویں روز دو لاکھ سے زائد کیسز
فرانس میں کرونا کے دو لاکھ 61 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جمعرات کو سامنے آنے والے دو لاکھ 61 ہزار 481 کیسز اگرچہ اس سے قبل بدھ کو آنے والے تین لاکھ 32 ہزار کیسز سے کم ہیں۔ لیکن گزشتہ چند روز کے دوران ملک میں اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے بعد کیسز میں تیزی آگئی ہے۔
وبا کے دوران پہلی مرتبہ سات روز کے دوران فرانس میں کرونا وائرس کے اوسط یومیہ کیسز دو لاکھ ہوگئے ہیں۔
فرانس میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد تقریباً ایک کروڑ 12 لاکھ ہو چکی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران فرانس میں 204 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور اب تک وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سندھ میں کرونا پابندیوں سے متعلق جعلی نوٹی فکیشن، محکمۂ صحت کی وضاحت
حکومتِ سندھ نے کرونا وائرس سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی نوٹی فکیشن کی وضاحت کردی ہے۔
صوبائی محکمۂ صحت نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونا پابندیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش نوٹی فکیشن جعلی ہے۔
محکمے نے جعلی نوٹی فکیشن کی تصویر بھی شیئر کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی یہ نوٹی فکیشن بھیجے تو وصول کرنے والا یہ پیغام بھیجنے والے کو اس کے جعلی ہونے بارے میں آگاہ کردے۔
اس سے قبل سندھ میں کرونا سے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور کاروبار سمیت دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے سے متعلق حکومت سندھ کا ایک جعلی نوٹی فکیشن سوشل میڈیا پر گردش میں تھا۔
صوبائی محکمہ صحت نے اس کی ضاحت کردی ہے۔
بھارت: کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں پانچ گنا اضافہ
بھارت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز ایک لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر گئے۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران بھارت میں کرونا کے یومیہ کیسز میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت بھارت میں کرونا کے فعال کیسز کی تعداد تین لاکھ 71 ہزار 363 ہے۔
بھارت بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں اومیکرون ویریئنٹ کے بعد کرونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں کرونا سے متاثرہ کیسز کی تعداد میں پانچ گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ وبا کی روک تھام کے لیے دہلی میں آج سے پیر تک 50 گھنٹے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔