'پاکستان نے ایک لاکھ افغان شہریوں کو ویکسین لگائی'
افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک لاکھ سے زائد افغان شہریوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی ہے۔
پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار نومبر 2021 سے اب تک کے ہیں۔
پاکستانی سفیر کے مطابق ویکسینز ان افغان شہریوں کو لگائی گئی جو مختلف سرحدی گزرگاہوں سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے۔
بھارت میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز ایک مرتبہ پھر بڑھ رہے ہیں اور ملک میں اومیکرون ویریئنٹ کا پھیلاؤ تیز ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پیر کو بھارت میں کرونا وائرس کے ایک لاکھ 79 ہزار 723 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ زیادہ تر کیسز ملک کے بڑے شہروں دہلی، ممبئی، کولکتہ میں رپورٹ ہوئے جہاں اومیکرون کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 146 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 83 ہزار 936 ہو چکی ہے۔
اموات کے لحاظ سے بھارت اس وقت دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ اور برازیل میں ہوئی ہیں۔
بھارت میں نئی پابندیاں عائد
بھارت میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث نئی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا میں پیر سے سوئمنگ پولز اور جم بند کر دیے گئے ہیں جب کہ 15 فروری تک کالجز بھی بند رہیں گے۔
ریاست نے ہفتے کو ایک اعلان میں کہا تھا کہ یہ پابندیاں پیر سے نافذ العمل ہوں گی اور صرف مکمل ویکسین لگوانے والے افراد ہی نجی دفاتر میں آ سکیں گے۔
دفاتر میں مجموعی افرادی قوت بھی 50 فی صد تک محدود رکھی جائے گی۔
ادھر ریاست گجرات میں بھی حکام نے رات کے کرفیو کے دورانیے میں توسیع کر دی ہے اور تمام ہیلتھ کیئر اسٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
برطانیہ میں طبی عملے کی مدد کے لیے فوج طلب
برطانیہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث اسپتالوں میں عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔
حکومت نے بتایا ہے کہ مسلح افواج کے دو سو اہل کار لندن میں نیشنل ہیلتھ سروس کی مدد کے لیے طلب کیے گئے ہیں۔ ان کی خدمات تین ہفتے کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔
برطانیہ میں اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے کے باعث کرونا کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یومیہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔