چین: بیجنگ میں اومیکرون ویریئنٹ کے پہلے کیس کے بعد نئی پابندیاں
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہفتے کو اومیکرون ویریئنٹ کا مقامی سطح پر منتقل ہونے والا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہے۔
بیجنگ آنے کے خواہش مند افراد کے لیے اب ضروری ہو گا کہ وہ شہر میں داخلے سے قبل 72 گھنٹوں کے اندر کرونا ٹیسٹ کرائیں۔
بیجنگ میں ہفتے کو ایک ایسے شخص میں اومیکرون ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی۔ جس نے پچھلے 14 دنوں کے دوران متعدد مالز اور ریستورانوں کا دورہ کیا تھا۔
البتہ نیا سال شروع ہونے کے بعد مذکورہ شخص شہر سے باہر نہیں گیا تھا۔
نئی پابندی کا اطلاق رواں ماہ 22 جنوری سے مارچ کے آخر تک ہو گا جس کا مقصد اومیکرون ویریئنٹ کی بر وقت تشخیص ہے جو تیزی سے دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز آٹھ ماہ بعد بلند ترین سطح پر
بھارت میں بھی کرونا وائرس کی نئی قسم امیکرون کے پھیلاؤ کے باعث کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت میں وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مزید دو لاکھ 71 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں یہ آٹھ ماہ بعد مصدقہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں کرونا سے مزید 314 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
کراچی میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 40 فی صد کے قریب
پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40 فی صد تک جا پہنچی ہے۔
ملک میں کرونا وائرس پر نظر رکھنے والے ادارے 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 236 افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 4027 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران چھ ہزار سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
لاہور میں کرونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ فی صد سے زائد جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سات فی صد سے تجاوز کر چکی ہے۔
اومیکرون: بائیڈن کا کووڈنائنٹین کے مفت ٹیسٹس دوگنا بڑھانے اور فوج سے میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کا اعلان
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے ان کی انتظامیہ گھروں پر تیزی سے کیے جانے والے کووڈ نائنٹین کے ٹیسٹس کے سازو سامان کو دو گنا بڑھا کر ایک ارب کررہی ہے ۔
وائٹ ہاوس میں کرونا کی انتہائی متعدی قسم اومیکرون کے پھیلاو کے متعلق اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حفاظتی این 95 چہرے کے ماسک بھی فراہم کیے جائیں گے۔
بائیڈن نے کہا کہ اگلے ہفتے سے امریکی فوج کے ایک ہزار میڈیکل ورکرز ملک کے ان صحت عامہ کے مراکز میں بھیجےجائیں گے جہاں کروناوائرس سے متاثر ہونے کے باعث اسٹاف کی کمی ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ ریاستوں مشی گن، نیو جرسی ، نیو میکسیکو، نیو یارک، اوہایو اور روڈ آئی لینڈ میں فوج کی چھہ اضافی ٹیمیں بھی بھیجی جائیں گی۔