پی ایس ایل: غیر ملکی کرکٹرز کی واپسی
کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی ٹیموں میں شامل متعدد غیر ملکی کھلاڑی دست بردار ہو گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیش کش کی تھی۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے پہلی دستیاب پروازوں سے واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق پشاور زلمی میں شامل کھلاڑی ٹام بینٹن، لیم لیونگ اسٹون، لیام ڈاسن، لیون گریگری اور کارلس بریتھ ویٹ نے واپس جانے کا اعلان کیا ہے۔
ملتان سلطان میں شامل جیمز وینس اور کراچی کنگز کا حصہ انگلینڈ کے الیکس ہیلز بھی پہلی دستیاب پرواز سے وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹائمل ملز اور جیسن رائے بھی وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا: پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ کرونا وائرس کے خدشے کے بعد پی سی بی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے ملک روانہ ہونے کی اجازت دے دی تھی۔
پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔ پلے آف اور ایلیمنیٹر میچز کے بجائے ایونٹ میں اب سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے مدِ مقابل آئے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر آنے والی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو شام سات بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔
کرونا وائرس: شائقین کے بغیر کھیلوں کے مقابلے
کرونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا۔ میچ کے دوران تماشائیوں کی نشستیں خالی تھیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ عالمی سطح پر کئی بڑے ایونٹس منسوخ یا ملتوی کر دیے گئے ہیں اور جو ایونٹس اب بھی ہو رہے ہیں ان میں تماشائیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔