شمالی کوریا کی فوج لاک ڈاؤن میں؟
جنوبی کوریا میں تعینات امریکی فوج کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونے کے باوجود شمالی کوریا کی فوج لاک ڈاؤن میں ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنرل رابرٹ ابرام نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ 30 دن سے شمالی کوریا کی فوج لاک ڈاؤن میں ہے۔ گزشتہ 24 روز سے اُن کے کسی جنگی طیارے نے پرواز نے نہیں کی۔
البتہ ایک تصویر میں شمالی کوریا کے رہنما کو دیکھا جا سکتا ہے۔ جنہیں ماسک پہنے فوجی افسران بریفنگ دے رہے ہیں۔
شمالی کوریا، چین اور جنوبی کوریا کے درمیان واقع ہے۔ تاحال وہاں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ البتہ شمالی کوریا کے حکام نے حفاظتی اقدامات سخت کر رکھے ہیں۔
کرونا وائرس: دو کروڑ ماسک پاکستان سے چین کس نے بھجوائے؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث مشکل صورتِ حال اور ماسک کی قلت کے باوجود دو کروڑ ماسک چین بھجوانے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ینگ فارمسسٹ ایسوسی ایشن نے ماسک کی برآمدگی کا الزام معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے عہدے داران پر عائد کیا ہے۔
وزارتِ صحت کے ترجمان کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ فیس ماسک کی اسمگلنگ کا بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے۔ الزام لگانے والے ینگ فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کے خلاف عدالتوں میں ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت مقدمات چل رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تشخیص کے ساتھ ہی ملک بھر میں فیس ماسک کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی اور مختلف میڈیکل اسٹورز پر 20 روپے والا ماسک 200 روپے تک فروخت ہوتا رہا تھا۔
پاکستان میں قومی سلامتی کونسل کا اجلاس
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت کرونا وائرس سے متعلق قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
ملک بھر کے تعلیمی ادارے پانچ اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ فیصلے کے تحت تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور مدارس پانچ اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے صورتِ حال کا جائزہ 27 مارچ کو ایک اجلاس کے دوران لیا جائے گا۔
کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزارتِ خزانہ خصوصی فنڈ جاری کرے گی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، وزیر قانون، صوبوں کے وزرائے اعلی اور مسلح افواج کے سربراہان شریک تھے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بڑے اجتماعات پر بھی پابندی لگائی جائے گی۔ اُن کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
کرونا وائرس سے امریکہ میں نظام زندگی مفلوج، تھیٹرز اور پارکس بند
ایشیائی ملک چین سے شروع ہونے والے کرونا وائرس سے جہاں اب تک لگ بھگ 130 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔ وہیں امریکہ میں بھی اس عالمی وبا سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے۔
امریکی اخبار'واشنگٹن پوسٹ' کے مطابق اب تک پورے ملک میں 1800 سے زائد کرونا وائرس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جب کہ اس وائرس سے اب تک 41 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ہیلتھ ذرائع کے مطابق اس وائرس میں مبتلا 31 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
دوسری طرف چند دن پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے آسٹریلوی وزیر برائے داخلہ پیٹر ڈٹن بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔