فلوریڈا کی سیاحت پر کرونا وائرس کے اثرات
امریکی ریاست فلوریڈا خوبصورت ساحلی مقامات کی وجہ سے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔ اس کا گرم موسم اور طویل ساحل سمندر نہ صرف چھٹیاں منانے والوں بلکہ ریٹائرڈ افراد کی نظر میں بھی رہائش کے لئے پسندیدہ جگہ ہے۔ لیکن اب کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے یہاں حالات شائد پہلے جیسے نہ رہیں۔ دیکھیے اس ویڈیو میں
کرونا وائرس: سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا
کرونا وائرس کے پیشِ نظر سعودی عرب نے آئندہ دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پروازوں کی معطلی اتوار سے شروع ہو گی۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق پروازوں کی معطلی کی وجہ سے جو رہائشی یا سعودی شہری وطن اور اپنے کاموں پر واپس نہیں آ سکیں گے، ان کا یہ عرصہ سرکاری چھٹیوں میں شمار ہو گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 86 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ مقامی حکومت وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔
چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں کمی
چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا میں گزشتہ دو روز کے دوران صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنوبی کوریا میں ہفتے کو کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ تھی۔ ایسی ہی صورتِ حال جمعے کو بھی رہی تھی۔
جنوبی کوریا میں امراض کی روک تھام کے ادارے نے کہا ہے کہ ہفتے کو کرونا وائرس کے 107 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 204 رہی ہے۔ کرونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کو اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں جمعے کو بھی کرونا وائرس کے 110 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ صحت یاب ہو کر گھر جانے والے مریض تعداد میں زیادہ تھے۔
آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ
ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے سرحدوں پر موثر انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
نیوزی لینڈ حکام نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے بعد ملک میں داخل ہونے والوں کو خود کو 14 روز تک قرنطینہ میں رکھنا ہو گا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی۔ البتہ پہلے میچ کے بعد ہی یہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 71 رنز سے شکست دے دی تھی۔ یہ میچ بھی تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا تھا۔
گلے میں خراش کی شکایت کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کا کرونا وائرس ٹیسٹ کر کے اُنہیں الگ کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر کین رچرڈسن کا بھی جمعرات کو کرونا وائرس کے شبے میں ٹیسٹ کیا گیا تھا، البتہ اُن کا یہ ٹیسٹ منفی آیا تھا۔