کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی : وزیر اعلٰی پنجاب
پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیر اعلٰی عثمان بزدار نے لاہور کے میو اسپتال میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی خبروں کی تردید کی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعلٰی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میو اسپتال میں ہلاک ہونے والی عمران علی کی ٹیسٹ رپورٹ موصول ہوئی ہیں، جس سے پتا چلا ہے کہ اُن کی موت کرونا وائرس سے نہیں ہوئی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے آٹھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جنہیں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کرونا وائرس سے غریب ملکوں کی معیشت تباہ ہو سکتی ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پیش گوئی کی ہے کہ خوفناک کرونا وائرس سے غریب ممالک کی معیشت تباہ ہو سکتی ہے۔
امریکی جریدے 'بلوم برگ' کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ امیر ممالک کو غریب ممالک کے ذمے واجب الادا قرضے معاف کر دینے چاہئیں۔ اُنہوں نے کہا کہ غریب ممالک میں اگر یہ وائرس متعدی مرض میں تبدیل ہو گیا تو نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر اور افریقی ممالک میں اس سے نمٹنے کے لیے صحت کی سہولیات ناکافی ہوں گی۔
پاکستان کا شمار دُنیا کے اُن ملکوں میں ہوتا ہے جن کے ذمے نہ صرف آئی ایم ایف بلکہ مختلف ممالک کی جانب سے دیے گئے قرضے واجب الادا ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں بھی کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق منگل کو پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ غربت اور کمزور معیشت کے باعث ہمارے پاس اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے درکار وسائل نہیں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے غربت اور بھوک میں اضافے کا زیادہ خدشہ ہے۔
کرونا وائرس: ہالی وڈ کے وہ ستارے جو خود ساختہ تنہائی میں ہیں
امریکی گلوکاروں اور فن کاروں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تنہائی اختیار کرلی ہے اور خود کو گھروں تک محدود کر لیا ہے۔
ہالی وڈ ستاروں نے اپنے پرستاروں کو بھی گھروں تک محدود رہنے اور لوگوں سے فاصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹرمینیٹر اسٹار اور کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوازنگر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی شہری دوسروں کی غلطیوں سے سیکھیں۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں بالکل بھی گھر سے باہر نہیں نکلتے۔ باہر کھانا کھانے بھی نہیں جاتے اور ایسا کچھ کرنا نہیں چاہتے جس سے کسی الجھن میں مبتلا ہوں۔
انہوں نے پرستاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گھر میں رہیں، ماہرین کے خیالات سنیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر
پاکستان میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ملک کے چاروں صوبوں کی حکومتیں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سرگرم ہیں۔ اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔