کرونا وائرس: امریکی ریاست اوہائیو میں پرائمری انتخاب ملتوی
امریکہ کی ریاست اوہائیو میں ڈیموکریٹ جماعت کے صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے ہونے والے پرائمری الیکشن انعقاد سے چند گھنٹوں قبل منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
اوہائیو کے گورنر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ اقدام بہت ضروری تھا۔ اوہائیو کے سیکریٹری آف اسٹیٹ فرینک لاروز کا کہنا تھا کہ پرائمری انتخابات جون تک کے لیے ملتوی کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو اوہائیو سمیت چار امریکی ریاستوں میں پرائمری انتخابات ہونا تھے۔ البتہ اب اوہائیو کے علاوہ باقی تین ریاستوں فلوریڈا، ایریزونا اور الی نوائے میں پرائمری انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
فلوریڈا کے گورنر نے کہا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ زیادہ تر لوگ پولنگ اسٹیشن میں صرف چند منٹوں کے لیے ہی جائیں گے۔ واضح رہے کہ فلوریڈا میں کرونا وائرس کے 142 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس کے پیشِ نظر اب تک امریکہ کی چار ریاستوں میں پرائمری انتخابات ملتوی ہو چکے ہیں۔ اوہائیو کے علاوہ جارجیا، کینٹکی اور لوزیانا میں بھی پرائمریز ملتوی کیے گئے ہیں۔
کرونا وائرس: سندھ میں شاپنگ مالز، ریستوران اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا فیصلہ
کرونا وائرس کے پیشِ نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تمام ریستورانوں اور شاپنگ مالز کو 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پابندی کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔ البتہ کریانہ اسٹورز، سبزی اور مرغی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ ریستورانوں سے کھانا آرڈر کیا جا سکتا ہے لیکن ڈائننگ پر پابندی ہو گی۔
سندھ حکومت نے سرکاری دفاتر کو بھی جمعرات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ انٹرسٹی بسیں، ساحل سمندر اور پارکس وغیرہ بھی بند رہیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ لوگوں کو گھروں میں محدود کرنا چاہتے ہیں۔ اگر وائرس پھیل گیا تو اسپتال پورے نہیں پڑیں گے۔
پاکستان میں نماز جمعہ کے اجتماعات محدود کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی حکومت نے اسلامی نظریاتی کونسل اور علما کی مشاورت سے نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کابینہ اجلاس کے بعد وزیر مذہبی اُمور نورالحق قادری نے حکومتی اقدامات کا بھی اعلان کیا جس میں انہوں نے علما حضرات سے درخواست کی کہ نماز جمعہ کے دوران مختصر وقت کے لیے صرف عربی خطبہ پڑھیں۔ اردو یا کسی اور زبان میں تقاریر نہ کی جائیں۔ نماز جمعہ ادا کرنے والے گھروں سے وضو کرکے آئیں اور سنتیں بھی گھر پر ادا کریں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ اسکولوں میں چھٹیاں، سنیما، شادی ہالز اور اجتماعات پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت اتحاد اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے اشد ضرورت ہے۔
پاکستان کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ لندن یا کسی اور جگہ سے آنے والے مسافروں کو کرونا ٹیسٹ کرانے کے بعد پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام جہازوں کو انفیکشن فری بنانے کے لیے ان میں ہر فلائٹ کے بعد جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں وفاقی کابینہ نے پاکستان کے صرف تین ہوائی اڈوں کے ذریعے بین الاقوامی پروازیں چلانے کے فیصلہ پر نظرثانی کرتے ہوئے تربت اور گوادر کے علاوہ دیگر ایئر پورٹس بھی بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھول دیے ہیں۔
پاکستان علما کونسل نے فتویٰ دیا ہے کہ ملک میں تمام سیاسی اور مذہبی اجتماعات فوری طور پر ملتوی کر دیے جائیں۔
پاکستانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ سول اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے تمام کمانڈرز کو ہدایت کردی گئی ہے اور پاکستان فوج کے ہیلتھ یونٹس کرونا وائرس کے حوالے سے مختلف اقدامات میں حکومت کی مدد کریں گے۔
- By علی فرقان
کیا تفتان قرنطینہ کے ناکافی انتظامات سے کرونا وائرس پھیلا؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چند ہی روز میں کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان مریضوں میں اکثریت اُن کی ہے جو ایران سے پاکستان پہنچے تھے۔ انہیں سرحدی علاقے تافتان میں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان کے قرنطینہ میں 14 روز تک رکھا گیا، جس کے بعد انہیں اپنے اپنے صوبوں میں منتقل کیا گیا۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر اعلٰی مراد علی شاہ نے تافتان قرنطینہ میں ناقص انتظامات کا بیان دیا تھا۔ جس کے بعد وفاقی حکومت اور پاکستان کے مختلف صوبوں کے درمیان انتظامات کے معاملے پر لفظی نوک جھونک جاری ہے۔
ناقدین کا یہ الزام ہے کہ تفتان قرنطینہ میں عالمی معیار کے مطابق انتظامات نہیں تھے۔ مریضوں کو ایک دوسرے کے بہت قریب رکھا گیا۔ حالاں کہ ایسی صورتِ حال میں مریضوں کو الگ تھلگ رکھا جاتا ہے۔