- By روشن مغل
پاکستانی کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ، سیاحوں کے داخلے پر پابندی
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آ گیا ہے۔ کشمیر کی حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وادی میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایران سے آنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وائس آف امریکہ کے روشن مغل کے مطابق کشمیر کے وزیرِ اعظم راجہ فاروق حیدر نے وادی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ متاثرہ مریض کشمیر کے علاقے میرپور کا رہائشی ہے جسے آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
ادھر کشمیر کی حکومت نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے وادی میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا اطلاق ملکی و غیر ملکی سیاحوں پر ہو گا۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے بتایا ہے کہ وادی میں عرس، میلے، اور دیگر عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نمازیں بھی اپنے گھروں پر ادا کریں۔
پاکستانی کشمیر سے سندھ اور بلوچستان جانے والی ٹرانسپورٹ بھی بند کردی گئی ہے۔
راجہ فاروق حیدر کے مطابق پاکستانی کشمیر میں کرونا وائرس کے شکار مریضوں کے لیے تین مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ترکی میں کرونا وائرس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ
کرونا وائرس کے باعث بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا خریدنا مسئلہ بن گیا ہے۔ قلت کے ڈر سے لوگ بڑی تعداد میں چیزیں خرید کر گھروں میں ذخیرہ کر رہے ہیں۔ ترکی میں بھی کرونا وائرس کے ڈر سے دکانیں خالی ہونے لگی ہیں اور لوگ قیمتوں میں اضافے کی شکایت کر رہے ہیں۔
کرونا وائرس: 'حکومت سہولتیں دے، لوگ دن دھاڑے لوٹنا شروع نہ کر دیں'
کرونا وائرس کے پیشِ نظر بلوچستان کے سرکاری دفاتر شہریوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ دفاتر اور عدالتیں بند ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ کچھ لوگ یہ خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن سے کہیں اسٹریٹ کرائمز نہ بڑھ جائیں۔ دیکھیے کوئٹہ سے مرتضیٰ زہری کی یہ رپورٹ
کون کون سے فلمی ستارے کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں؟
دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہالی وڈ کے چار فنکار اب تک کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور بیشتر نے اپنی سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
برطانوی اداکار ادریس البا اور جیمز بانڈ کی فلم 'کوانٹم آف سولیس' کی ہیروئن اولگا کریلنکو بھی کرونا وائرس کے شکار ہوگئے ہیں۔
ادریس البا نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ ادیس البا کا کہنا تھا کہ انہوں نے چار مارچ کو ایک عوامی اجتماع میں شرکت کی تھی جس کے بعد اُنہیں اپنی صحت پر تشویش ہوئی جس پر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے۔
ادریس البا کی اہلیہ برینا کا بھی کرونا وائرس ٹیسٹ کرایا گیا ہے تاہم ان کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔