چین میں کرونا وائرس کے امپورٹڈ کیسز میں اضافہ
چین میں گزشہ پانچ روز کے دوران کرونا وائرس کے ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو بیرون ملک سے چین پہنچے ہیں جب کہ ان مریضوں کی تعداد کم ہے جو مقامی طور پر 'کووڈ 19' میں مبتلا ہوئے ہیں۔
چین میں منگل کو کرونا وائرس کے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 12 مریض بیرونِ ملک سے چین پہنچے تھے جب کہ صرف ایک مریض ایسا تھا جس میں کرونا وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا تھا۔
چین میں کرونا وائرس کے امپورٹڈ کیسز کی مجموعی تعداد 155 ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بدھ کو چین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 894 تک پہنچ گئی ہے۔ منگل کو چین میں مزید 11 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 3237 ہو گئی ہے۔
سری لنکا میں بیرونِ ملک سے آنے والی پروازوں پر پابندی، اسٹاک مارکیٹ بند
کرونا وائرس کے پیشِ نظر سری لنکا نے بیرونِ ملک سے آنے والی تمام پروازوں پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق سری لنکا میں بدھ کو 'کووڈ 19' کے 43 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ احتیاطی اقدامات کے تحت سری لنکا نے بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازوں پر دو ہفتے کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
سری لنکا میں اشیا کی قیمتوں پر نظر رکھنے والے پرائس کنٹرول کے اداروں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ قیمتوں میں اضافہ روکا جا سکے۔
سری لنکا نے اپنی اسٹاک مارکیٹ بھی ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل میں کرونا وائرس کے کیسز میں 40 فی صد اضافہ، فلسطین میں 44 مریض
اسرائیل کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کیسز میں 40 فی صد اضافہ ہوا ہے جس سے مجموعی مریضوں کی تعداد 427 ہو گئی ہے۔
وازرتِ صحت کے مطابق اسرائیل میں منگل کو کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 304 تھی جو بدھ کو بڑھ کر 427 ہو گئی ہے۔ حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
کرونا وائرس سے اسرائیل اور فلسطین میں اب تک کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔ البتہ فلسطینی حکام کے مطابق مغربی کنارے کی فلسطینی بستیوں میں کرونا وائرس کے 44 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکہ: شہریت اور امیگریشن کے ادارے نے عوام کے لیے دفاتر بند کر دیے
امریکہ میں شہریت اور امیگریشن کے متعلقہ ادارے نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر اپنے دفاتر عوام کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ادارے نے کہا ہے کہ دفاتر میں لوگوں کے داخلے پر پابندی کا اطلاق بدھ سے ہی ہوگا جو یکم اپریل تک جاری رہے گا۔ تاہم اس دوران ادارہ ایمرجنسی سروسز کو محدود پیمانے پر ڈیل کرے گا۔
ادارے کی جانب سے امریکی شہریت کے حصول کے ان خواہش مندوں کو نوٹسز بھی جاری کر دیے گئے ہیں جنہیں انٹرویو کے لیے بلایا گیا تھا۔ ان افرادکے انٹرویوز کو ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔