پاکستان کا بھارتی کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ
پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پیش نظر نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن فوری ختم کرے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے جمعرات کو معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرنا ضروری ہے تاکہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جمّوں و کشمیر کے لوگوں تک ادویات اور ضروری اشیا کی فراہمی کے لیے بھی انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی ذرائع بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 78 ہو گئی: ڈاکٹر یاسمین راشد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی ہے۔
لاہور میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ان مریضوں کو الگ کر دیا گیا ہے۔ اُن کے بقول مشتبہ مریضوں کو بھی الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے۔
وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ میو اسپتال میں زیرِ علاج چار مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اُن کے بقول 384 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
امریکہ: ایوانِ نمائندگان کے دو اراکین میں کرونا وائرس کی تشخیص
امریکہ میں ایوانِ نمائندگان کے دو اراکین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریاست فوریڈا کے رکن ڈیاز بلارٹ اور یوٹا سے کانگریس کے نمائندہ بین مک ایڈمز نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
دونوں اراکین نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
اسپین میں کرونا وائرس سے 767 ہلاکتیں
اسپین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 767 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 209 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسپین کی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں دو سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اسپین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 147 ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ یورپ میں اٹلی کے بعد اسپین وہ دوسرا ملک ہے جو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ اٹلی میں اس وائرس سے 2900 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔