رسائی کے لنکس

کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر آئی پی ایل ملتوی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری سیزن کو ملتوی کر دیا ہے۔

ایونٹ میں شامل چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کھلاڑیوں کے پیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد دونوں ٹیمیں آئسولیشن میں چلی گئی تھیں۔

آئی پی ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے منگل کو ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیگ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق آئی پی ایل کی گورننگ باڈی اور بی سی سی آئی نے ہنگامی اجلاس کے دوران ایونٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیگ کے ملتوی کرنے کے اعلان سے چند گھنٹے قبل ہی چنئی سپر کنگ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ٹیم کے بالنگ کوچ لکشمی پتھی بالاجی اور ایک عملے کے رکن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد پوری ٹیم آئسولیشن میں چلی گئی ہے۔

چنئی سپر کنگ کی پوری ٹیم کے آئسولیشن میں جانے کے بعد منگل کو اس کا راجستھان رائلز کے خلاف میچ بھی ری شیڈول کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل کولکتہ نائٹ رائڈرز کے دو کھلاڑیوں میں وائرس کی تشخیص کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور اور کولکتہ کے درمیان پیر کو ہونے والا میچ بھی نہیں ہو سکا تھا۔

کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کھلاڑی سندیپ واریئر اور ورون چکراورتھی کا پیر کو کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد پوری ٹیم قرنطینہ میں چلی گئی تھی۔

آئی پی ایل میں مجموعی طور پر 60 میچز کھیلے جانے تھے اور اب تک 29 میچز ہوئے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کے رواں سیزن کے لیے احمد آباد، دہلی، ممبئی، چنئی، بنگلورو اور کولکتہ کا انتخاب کیا تھا اور یہ تمام شہر گزشتہ ماہ عالمی وبا سے بری طرح متاثر تھے۔

بائیو سیکیور ببل کے باوجود کھلاڑیوں کے متاثر ہونے اور بھارت میں وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث تین آسٹریلوی کھلاڑی پہلے ہی ایونٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کھلاڑیوں میں ایڈم زمپا، اینڈریو ٹائی اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG