رسائی کے لنکس

پنجاب میں سرکاری گندم مارکیٹ میں فروخت ہونے کا انکشاف، معاملہ ہے کیا؟


پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سرکاری گندم زیادہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق سرکاری گندم سے آٹا تیار کرنے والے کارخانے محکمے کی ملی بھگت سے یہ آٹا بازار میں فروخت کر رہے تھے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے فلور ملز کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن پر ہڑتال کا اعلان کیا تھا، تاہم بعض فلور ملز نے اس ہڑتال کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پنجاب میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

محکمہ خوراک کے مطابق حکومت سستے آٹے کی فراہمی کے لیے فلورملز کو 2300 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کرتی ہے، تاکہ اس سے بننے والا آٹا سرکاری نرخوں پر فروخت کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں حکومت نے فلور ملز کی چھان بین شروع کیں اور یہ تعین کرنے کی کوشش کی کہ جس مقدا رمیں گندم فلور ملز کو فراہم کی جا رہی ہے، کیا اسی مناسبت سے آٹا مارکیٹ میں مل رہا ہے یا نہیں؟

محکمہ خوراک پنجاب کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض فلور ملز سستے آٹے کے بجائے مہنگا آٹا فروخت کرنے میں ملوث پائی گئی ہیں جب کہ چند فلور ملز گندم کی دیگر صوبوں میں اسمگلنگ میں بھی ملوث پائی گئی ہیں۔

اُن کے بقول محکمہ خوراک نے جب ایسے کارخانوں کے خلاف کارروائی کی تو ان کی پشت پناہی میں چند بڑے نام بھی سامنے آئے جنہوں نے گٹھ جوڑ کر کے محکمہ خوراک پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ محکمہ یہ تحقیقات کر رہا ہے کہ رواں برس کتنی سرکاری گندم بازار میں فروخت کی گئی۔

'پنجاب میں گندم کی کوئی قلت نہیں ہے'

سیکریٹری خوراک پنجاب محمد زمان وٹو کہتے ہیں کہ محکمہ خوراک پنجاب آٹا بنانے والے کارخانوں کو ہر ماہ کی 10 تاریخ تک 26 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرتا ہے، تاکہ تنخواہ دار اور کم آمدنی والے طبقات کو سبسڈی والا آٹا مہینے کے آغاز میں ہی دستیاب ہو سکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ برس 42 لاکھ ٹن گندم خریدی جب کہ سات لاکھ ٹن گندم پہلے سے ہی اسٹاک میں موجود تھی جس کے بعد مجموعی گندم 52 لاکھ ٹن ہو گئی۔

محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق پنجاب میں اس وقت آٹا بنانے والی 970 ملز ہیں جہاں سے روزانہ 16 لاکھ سے زیادہ تھیلے بازاروں میں فراہم کیے جاتے ہیں۔

سیکریٹری خوراک زمان وٹو کا کہنا تھا کہ سرکاری آٹا مہنگے داموں فروخت کرنے کے معاملے کو وزیرِ اعلٰی پنجاب نے بھی نوٹس لے لیا ہے جس پراُنہوں نے ایک کمیٹی بنا دی ہے ۔

'بعض ملز سرکاری گندم سے بننے والا آٹا مارکیٹ میں فروخت کر رہی تھیں'

آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے اعتراف کیا کہ بعض فلور ملز سرکاری گندم سے بننے والا آٹا مارکیٹ میں فروخت کر رہی تھی جن سے لاتعلقی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے قائم کردہ وزارتی کمیٹی اور فلور ملز مالکان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ اتفاق کیا گیا کہ سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کرنے والی فلور ملز سے لاتعلقی اختیار کی جائے گی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فلور ملز کی انسپکشن کی جائے گی اور کوئی بھی سرکاری اہلکار اپنے اختیارات سے تجاوز کرتا پایا گیا تو سیکریٹری خوراک کو آگاہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں سرکاری نرخ پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 648 جب کہ 20 کلو گرام کا تھیلا 1295 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG