رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد


جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کی طرف سے آئندہ ماہ محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کھیلنے کی درخواست مسترد کردی۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے بدھ کے روز اس وجہ اپنی ٹیم کا مصروف شیڈول بیان کی ہے۔

رواں ماہ دورہ پاکستان پر ڈھاکا کی ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کے بعد بنگلہ دیش نے مئی میں جنوبی افریقہ کے ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

ایک بیان میں جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سربراہ جیک فال نے کہا’’ بدقسمتی سے بہت سی پیشہ وارانہ رکاوٹیں ہمیں اس درخواست کو قبول کرنے سے روک رہی ہیں۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ کئی سینیئر کھلاڑی انگلینڈ اور بھارت میں مصروف ہیں جب کہ ملک میں موجود کھلاڑی حالیہ مہینوں میں زخمی ہونے کے باعث علاج کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔

جیک فال کا کہنا تھا’’ہمیں یہ بات بھی ذہن میں رکھنا ہوگی کہ ہمارا شیڈول بہت مصروف ہے ہمیں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بہت اہم دورے کرنا ہیں جب کہ اسی دوران ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا بھی جانا ہے۔‘‘

بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان رواں ماہ ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جانا تھا لیکن دورے کے اعلان کے بعد ڈھاکا کی ہائی کورٹ نے سلامتی کے خدشات کے پیش نظر اس پر حکم امتناعی جاری کردیا اور اس باعث بنگالی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آسکی۔

XS
SM
MD
LG