رسائی کے لنکس

انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ٹی20 میں شکست


انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ٹی20 میں شکست
انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ٹی20 میں شکست

انگلینڈ کو دو ٹی20 بین الاقوامی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 25 رنز کی شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اتوار کو لندن کے اوول گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر ویسٹ انڈینز مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز بنا پائے۔

ویسٹ انڈین بلے باز انگلش بالرز کے آگے بے بس نظر آئے اور انہوں نے نصف سے کچھ کم گیندیں بغیر کوئی رن لیے گزاردیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے صرف مارلن سیموئلز ہی نمایاں کاکردگی دکھا سکے جنہوں نے 35 بالوں پر 35 رن بنائے۔

اس قدر آسان ہدف ملنے کے بعد یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ جمعہ کو کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں 10 وکٹوں کی شان دار کامیابی کی طرح انگلینڈ یہ میچ بھی بآسانی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

تاہم ویسٹ انڈین بالرز نے انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے اور پوری انگلش ٹیم 4ء16 اوورز میں صرف 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جو کسی بھی ٹی20 میچ میں انگلینڈ کا کم ترین اسکور ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے صرف بین اسٹروک ہی ویسٹ انڈین بالرز کے سامنے کچھ دیر ٹہر سکے اور 31 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ انگلینڈ کے چار بلے باز رن آئوٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے لیفٹ آرم اسپنر گیری متیھورین کامیاب ترین بالر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 9 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور 'مین آف دی میچ' قرار پائے۔

اتوار کی شکست کے نتیجے میں انگلینڈ کے لیے اس حالیہ موسمِ گرما کا اختتام مایوس کن ہورہا ہے جس میں اس نے عالمی چیمپئن بھارت اور سری لنکا کے خلاف سیریز میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG