پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز آئندہ برس دبئی اور ابوظہبی میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کے روز پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز آئندہ برس جنوری اور فروری میں کھیلی جائےگی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتِ حال کے باعث انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے مذکورہ سیریز کے کسی متبادل وینیو پر انعقاد کا مطالبہ کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ، چار ون ڈے اور تین ٹوئنٹی20 میچز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرے گا۔ بورڈ کے مطابق انگلش ٹیم کے آئندہ برس جنوری اور فروری میں ہونے والے اس دورے کے میچز کے شیڈیول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
مارچ 2009ء میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے اب تک پاکستان کسی عالمی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کرسکا ہے۔
امن و امان کی خراب صورتِ حال کے پیشِ نظر غیرملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آنے سےگریزاں ہیں جس کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ دیگر ٹیموں کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز نیوٹرل وینیوز پر کرانے پر مجبور ہے جن میں متحدہ عرب امارات سرِ فہرست ہے۔
واضح رہے کہ یو اے ای رواں برس اکتوبر اور نومبر میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز کی بھی میزبانی کرے گا۔