رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 79 رنز سے ہرادیا


ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کو ہونے والی یہ دوسری شکست ہے۔

بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیدی ہے۔

جمعے کو میر پور میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستانی ٹیم کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 2ء45 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی 72 اور محمد رضوان 67 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ حارث سہیل نے 51 رنز بنائے۔

پاکستان کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کو ہونے والی یہ دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل بنگلہ ٹیم نے 1999ء کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کو ہرایا تھا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی بیٹنگ کے دوران ابتدائی بلے باز تمیم اقبال نے تین چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 132 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ مشفق الرحیم نے بھی سینچری اسکور کی۔

انھوں نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے چار اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ معروف اسپنر سعید اجمل اپنے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کے بعد ٹیم میں دوبارہ شامل ہوئے ہیں لیکن میچ میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔

پاکستان کی ٹیم ان دنوں بنگلہ دیش کے دورے پر ہے جہاں اسے ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کا اگلا میچ 19 اپریل کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG