رسائی کے لنکس

پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا


پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا
پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

ہفتہ کو کولمبو کے آر پریما داس اسٹیڈیم میں عالمی کپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے میں دس پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

پاکستانی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 177 رنز کا ہدف ملا تھا جو اُس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 41 اوورز میں حاصل کرلیا۔

عمر اکمل نے 44 اور عبدالرزاق نے 20 رنز بنائے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 46 رنز بنائے۔

عمر اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

عالمی کپ مقابلوں میں 1999ء میں پاکستان سے لیگ میچ ہارنے کے بعد سے آج تک 34 میچوں میں آسٹریلو ی ٹیم ناقابل تسخیر تھی۔ لیکن ایک بار پھر 2011ء کے ورلڈ کپ میں ہفتہ کو پاکستانی ٹیم نے ہی فتوحات کے اس تسلسل کو توڑ ڈالا۔

آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی باؤلروں کی عمدہ کارکردگی نے دفاعی چیمپئین آسٹریلیا کے بلے بازوں کو کسی بھی موقع پر جم کر نہیں کھیلنے دیا اور پوری ٹیم کو 47ویں اوور میں 176 رنز پر آؤٹ کردیا۔

عمر گل نے 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں. لیکن اُن کے ساتھ کپتان شاہد آفریدی، عبدالرحمن اور محمد حفیظ نے بھی شاندار باؤلنگ کی اور تمام وقت آسٹریلوی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا۔

پاکستان نے چھ وِکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ آسٹریلیا کی طرف سےبرٹ لی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کواٹر فائنل میں اب پاکستان کا مقابلہ گروپ بی میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG