رسائی کے لنکس

پونٹنگ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سے دستبردار


رکی پونٹنگ
رکی پونٹنگ

آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں ٹیم کی قیادت سے الگ ہو گئے ہیں۔

اس فیصلے کا اعلان اُنھوں نے منگل کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ”میں نے آج سے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔“

پونٹنگ نے کہا کہ اُن کے خیال میں اُنھوں نے یہ فیصلہ بروقت کیا ہے۔ ’ ’ میں نئے کپتان کو بھرپور موقع دینا چاہتا ہوں کہ آنے والے بڑے میچوں میں ٹیم کی قیادت سے پہلے وہ زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کرسکے۔ “سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ وہ ایک روزہ اور ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

توقع ہے کہ نائب کپتان مائیکل کلارک کو پونٹنگ کی جگہ آسٹریلیا کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا۔برصغیر میں جاری دسویں عالمی کپ میں بھارت سے کوارٹر فائنل میچ میں شکست کھانے کے بعد دفاعی چیمپئین آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا تھا۔

اس سے قبل عالمی کپ کے گروپ اے میچوں کے دوران پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر مسلسل 34 میچوں میں ناقابل تسخیر رہنے کی آسٹریلیا کی مہم کا خاتمہ کردیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی جس کے بعد وہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کا دورے کرے گی۔

رکی پونٹنگ نے 2002ء سے ایک روزہ اور 2004 ء سے ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت کی ہے۔انگلینڈ کے ہاتھوں ایشز سیریز میں شکست کھانے کے بعد پونٹنگ مسلسل دباؤ میں تھے کہ وہ کپتانی سے الگ ہوجائیں۔

XS
SM
MD
LG