کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ہفتے کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 43 رنز سے ہرا کر چھ میچوں کی سیریز ایک،ایک سے برابرا کردی ہے۔
میزبان ٹیم 294 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 250 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ ابتدائی بلے باز احمد شہزاد کوئی رن بنائے بغیر جلدی آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد حفیظ نے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئےاپنےایک روزہ میچوں کے کیرئر کی پہلی سینچری اسکور کی، انھوں نے 115 رنز بنائے۔ انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اننگز کے آخری حصے میں کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 293 رنز اسکور کیے۔
چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا جب کہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ چوتھا میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔