پاکستان اور افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیموں کے مابین پہلی بار ایک روزہ میچ فروری میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ میچ پاکستان کی میزبانی میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز سے قبل 10 فروری کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
افغانستان کی ٹیم اس سے قبل پاکستان کا دورہ کر کے اے ٹیم کے ساتھ میچز کھیل چکی ہے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ وہ پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ مقابلے کے لیے میدان میں اترے گی۔
مارچ 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے دورے پر آنے والی پہلی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم افغانستان ہی کی تھی۔
جنگ سے تباہ حال اس ملک میں کرکٹ کے کھیل نےتیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ جس کی ایک وجہ پاکستان نے واپس جانے والے افغان مہاجرین ہیں جو یہاں سے اس کھیل کو اپنے ساتھ لے کر گئے۔