افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان کی اے ٹیم کے مابین بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم 37.3اوورز میں 152رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد نبی عیسیٰ 72رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے یہ اسکور تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے بنایا۔
153 رنز کا ہدف پاکستان اے ٹیم نے 39.5اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ابتدائی بلے باز شرجیل خان 47رنز کے ساتھ قابل ذکر کھلاڑی رہے۔ افغان باؤلر دالوت زردان نے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
افغان بلے باز محمد نبی عیسیٰ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 72رنز کی اننگز کھیلی۔
مارچ 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی غیر ملکی ٹیم ہے۔ سلامتی کے خدشات کے پیش نظر دوسرے ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے سے گریزاں ہیں۔ تاہم ایسے میں پڑوسی ملک افغانستان کی ٹیم کے دورے کو کرکٹ بورڈ کے حکام اور شائقین کرکٹ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے اچھا شگون قرار دے رہے ہیں۔
میچ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں موجود تھی جن میں اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے افغانستان سے آنے والے شائقین بہت قابل ذکر تعداد میں شامل تھے۔
افغانستان سے آئے ہوئے راہب نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے یہ اچھا اقدام ہے انھوں نے افغان ٹیم کو اپنے ہاں کھیلنے کی دعوت دی ۔”ہمیں امید ہے کہ جیسے ہمارے (افغانستان)ہاں بھی اسٹیڈیمز بن رہے ہیں تو پاکستانی ٹیم وہاں کھیلنے آئے گی، کیونکہ افغانستان میں بھی لوگوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے۔“
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بھی اس سیریز کو خوش آئند قرار دیا۔ پاکستان اے ٹیم کے کپتان سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم قدرے نئی ہے لیکن ان کی بیٹنگ اور فیلڈنگ نے انھیں متاثر کیا۔
افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم پاکستان اے کے خلاف تین میچوں کی سریز کھیل رہی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 27مئی کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1