رسائی کے لنکس

دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات ابتدائی بلے باز کوسل پریرا کی نصف سینچری تھی جو انہوں نے صر ف17 گیندوں پر اسکور کی۔ وہ 25 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

بدھ کو پالی کیلے میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 288 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے 49 ویں اوور کی پہلی گیند پر آٹھ وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی اننگز کی خاص بات ابتدائی بلے باز کوسل پریرا کی نصف سینچری تھی جو انہوں نے صر ف17 گیندوں پر اسکور کی۔ وہ 25 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسری تیز ترین نصف سینچری ہے۔ ون ڈے کی تیز ترین نصف سینچری کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئرز کے پاس ہے جو انہوں نے رواں سال جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 16 گیندوں پر اسکور کی تھی۔

دنیش چندی مل 48 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ تلکا رتنے دلشان نے 47 بنائے۔پاکستان کی جانب سے راحت علی نے تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد حفیظ نے دو اور محمد عرفان اور انور علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔

ابتدائی بلے باز اور کپتان اظہر علی 79 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

تیسرے قابل ذکر بلے باز شعیب ملک تھے جنہوں 51 رنز بنائے۔پہلے میچ میں سینچری اسکور کرنے والے محمد حفیظ اس بار صرف نو رنز کی بنا سکے۔

سری لنکا کی طرف سے مالنگا اور پاتھیرانا نے دو، دو جب کہ میتھیوز، پردیپ، سری وردنا اور دلشان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا جس کے بعد سیریز ایک-ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ 2017ء میں برطانیہ میں ہونے والی چیمپیئر ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان کو یہ سیریز کم از کم تین، دو سے جیتنا ہوگی۔

XS
SM
MD
LG