رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف ایک اننگز اور 92 رنز سے کامیابی


دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا اور مخالف کو ایک اننگز اور 92 رنز سے شکست دی۔

جنوبی افریقہ نے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 92 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ، ایک سے برابر کردی۔

دبئی میں کھیلے جانے والے میچ کے چوتھے روز ہفتہ کو پاکستانی ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ اس کے ایک بلے باز ذوالفقار بابر زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کر سکے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں محض 99 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں مہمان ٹیم نے 517 رنز اسکور کیے۔

میچ کے چوتھے روز پاکستانی بلے بازوں نے کھیل کا آغاز ذمہ دارانہ سے کیا اور ٹیم کے اسکور کو کافی حد تک ہدف کے قریب لے جانے میں کامیاب رہے۔

کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کی پارٹنر شب بہت کامیابی سے جاری تھی کہ الگار کی گیند پر مصباح 88 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسد شفیق نے 130 رنز اسکور کیے لیکن ٹیم کے دیگر بلے باز زیادہ دیر تک جنوبی افریقہ کے باؤلروں کا سامنا نہ کر سکے اور کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر آؤٹ ہوتے رہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر نے مجموعی طور پر اس میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں جب کہ کپتان گریم اسمتھ نے 234 رنز اور اے بی ڈویلیئرز نے 164 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی طرف سے نمایاں کارکردگی اسد شفیق کی رہی جنہوں نے 130 رنز بنائے اور سعید اجمل نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

جمعہ کو جنوبی افریقہ کے کرکٹر ڈوپلیسی پر گیند کو جان بوجھ کر خراب کرنے کے الزام پر امپائر نے گیند تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کو اضافی پانچ رنز دیے تھے۔

بعد ازاں ڈوپلیسی پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس واقعے کے بعد کرکٹ کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے واقعے پر محض میچ فیس کا جرمانہ کافی یا اس کے لیے کوئی مزید سخت سزا ہونی چاہیے۔

پاکستان کی میزبانی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے متحدہ عرب امارات آئی ہوئی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد اب دونوں ملکوں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تیس اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG