نوٹنگھم میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی گرفت خاصی مضبوط دکھائی دیتی ہے یہ میچ ایک بار ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سے نکلتا جارہا ہے۔
میچ کے تیسرے روز کا کھیل جب ختم ہوا تو مہمان ٹیم کے دوسری اننگز میں محض 61 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم پہلی اننگز میں سینچریاں اسکور کرنے والے اس کے دونوں کھلاڑی ابھی کریز پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 370 رنز بنائے۔ سیموئیل 117 اور سیمی 106 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے بریسنن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنائے جس میں کپتان اسٹراس کے 141 رنز بھی شامل ہیں۔
لارڈز میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نےپانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔