رسائی کے لنکس

عالمی کپ کرکٹ کے اپ سیٹس ایک نظر میں


عالمی کپ کرکٹ کے اپ سیٹس ایک نظر میں
عالمی کپ کرکٹ کے اپ سیٹس ایک نظر میں

آئر لینڈ کا انگلینڈ کو تین وکٹ سے چت کرنا ورلڈ کپ دو ہزار گیارہ کا پہلا ،عالمی کپ کی تاریخ کا نواں اور آئر لینڈ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ ہے۔ اس سے قبل جو اپ سیٹ ہوئے ان کی تاریخ کچھ اس طرح ہے :

1979 میں شائقین کرکٹ کو مانچسٹر میں اس وقت ایک دلچسپ حیرت ہوئی جب سری لنکا نے بھارت کو 47 رنز سے شکست دے دی ۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے تاہم بھارت 191 رنز پر ہی ہمت ہار بیٹھا ۔

1983 میں ناٹنگم کے میدان نے اس وقت شائقین کرکٹ کی دلچسپی حاصل کر لی جب زمبابوے نے آسٹریلیا کو 13 رنز سے ہرا دیا ۔ زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تاہم آسٹریلیا مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر226 رنز ہی بنا سکا۔

1996 کے عالمی کپ میں بھارت کے شہر پونا میں کینیا نے ویسٹ انڈیز کو 73 رنز سے شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ۔ کینا نے پہلے کھیلتے ہوئے 166 رنز بنائے تاہم کالی آندھی صرف 93 رنز پر ہی کینیا کے بالنگ اٹیک کے سامنے ہتھیار پھینک بیٹھی ۔

1999 میں انگلینڈ کے شہر نارتھ ہمٹن میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 62 رنز سے شکست دے کر شائقین کو حیران کر دیا ۔ بنگلا دیش نے نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے جس کے جواب میں گرین شرٹس 120 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ۔

2003 کے عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے ڈربن گراؤنڈ میں کینیڈانے بنگلا دیش کو 60 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا ۔کینیڈا نے پہلے کھیلتے ہوئے 180 رنز بنائے تاہم بنگلا دیش 120 رنز پر ہی پولین لوٹ گیا۔

2003 کے ورلڈ کپ میں کینیا نے اپنے ہی شہر نیروبی میں سری لنکا کو53 رنز سے شکست دے کر بڑی کامیابی حاصل کی ۔کینیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 210 رنز بنائے تاہم سری لنکن کی مضبوط ٹیم کی 157 کے مجموعے پر ہی بساط لپیٹ گئی ۔

2007 میں بنگلا دیش نے پورٹ اسپین میں مضبوط بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تمام تر توجہ حاصل کر لی ۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے اور بنگالی ٹائیگرز نے بھی یہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کر لیا ۔

2007میں دوسرا اپ سیٹ اس وقت سامنے آیا جب کینگسٹن میں آئر لینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 132 رنز بنائے جبکہ آئر لینڈ نے یہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کر لیا ۔

XS
SM
MD
LG