رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: انگلینڈ


کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: انگلینڈ
کرکٹ ورلڈ کپ 2011، ٹیم پروفائل: انگلینڈ

انگلینڈ کرکٹ کی آبائی سرزمین اور گزشتہ تمام اہم آئی سی سی مقابلوں میں شریک ہونے کے باوجود سوائے گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ کے آج تک کوئی عالمی اعزاز حاصل نہیں کرپائی ہے۔

1975ء میں ہونے والے پہلے اور 1983ء کے تیسرے ورلڈ کپ میں انگلینڈ سیمی فائنل میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوا۔

گوکہ انگلش ٹیم نے 1979ء ، 1987ء اور 1992ء کے فائنل تک رسائی ضرور حاصل کی لیکن اسے فتح نہ مل سکی۔ 1992ء کے بعد سے اسے ورلڈ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزا زبھی حاصل نہیں ہوسکا ہے۔

1999ء اور 2003ء میں انگلینڈ کو پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوکر ہزیمت اٹھانی پڑی جبکہ 2007ء میں اسے کوارٹر فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ نے اب تک ہونے والے ورلڈ کپس میں کل59 میچز کھیلے ہیں جن میں 36 میں اسے فتح اور 22 میں شکست ہوئی ہے۔

2011ء کے ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کپتان اینڈریو اسٹراس کی قیادت میں ایک بار پھر قسمت آزمائی کرے گی۔ گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ اپنے نام کرکے انگلینڈ نے کرکٹ کی تاریخ کی اپنی پہلی اور واحد آئی سی سی ٹرافی جیتی تھی اور اینڈریو اسٹراس کی ٹیم اس بار عالمی کپ میں ٹی 20 کی یہ تاریخ دہرانے کی پوری کوشش کرے گی۔

بلے بازوں میں انگلینڈ کا انحصار کپتان اسٹراس، ایان بیل، کیون پیٹرسن اور جوناتھن ٹراٹ جبکہ بالرز میں جیمز اینڈرسن، ٹم بریسنن، اسٹوورٹ براڈ ، اجمل شہزاد اور گرائم سوان جیسے کھلاڑیوں پر ہوگا۔ ساتھ ہی ساتھ پال کولنگ ووڈ جیسے آل راوٴنڈرز کی موجودگی سے ٹیم ایک متوازن اور مضبوط پوزیشن میں ہے۔

انگلینڈ گروپ "بی" میں شامل ہے اور اپنا پہلا میچ 22 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔ لیگ کے اگلے میچز میں انگلینڈ 27 فروری کو بھارت، 2 مارچ کو آئرلینڈ، 6 مارچ کو جنوبی افریقہ، 11 مارچ کو بنگلہ دیش اور 17 مارچ کو ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا۔

ورلڈ کپ کیلئے انگلش اسکواڈ میں اینڈریو اسٹراس (کپتان)، جیمز اینڈرسن، ایان بیل، ٹم بریسنن، اسٹوورٹ براڈ، پال کولنگ ووڈ، روی بوپارہ، کیون پیٹرسن، میٹ پریئر، اجمل شہزاد، گرائم سوان، جیمز ٹڑیڈ ویل، جوناتھن ٹراٹ،لیوک رائٹ اور مائیکل یارڈی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG