رسائی کے لنکس

آئی سی سی عامر کی پابندی پر نظر ثانی کرے: وقار یونس


وقار یونس (فائل فوٹو)
وقار یونس (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عامر پر عائد پانچ سالہ پابندی پر نظر ثانی کرے۔

جمعہ کو دبئی میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا’’اگر پابندی میں تخفیف ہوسکتی ہے تو انھیں (آئی سی سی کو) اس پر غور کرنا چاہیے، ہر قانون گنجائش دیتا ہے۔‘‘

پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کو اگست 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر آئی سی سی کی طرف سے پانچ سال کی پابندی کا سامنا ہے جب کہ دھوکہ دہی کے الزام میں لندن کی ایک عدالت نے انھیں گزشتہ سال چھ ماہ کی قید سنائی تھی۔ وہ یکم فروری کو جیل سے رہا ہوئے ہیں۔

آئی سی سی کی پابندی کے مطابق محمد عامر 2015ء تک کرکٹ کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

لیکن وقار یونس کا کہنا تھا ’’کسی بھی فاسٹ باؤلر کے لیے خود کو فٹ رکھنا مشکل ہوتا ہے یہاں تک کہ اگر اسے کلب کرکٹ کھیلنے کی بھی اجازت نہ ہو۔‘‘ انھوں نے کہا’’ ہم سب کی ہمدردیاں عامر کے ساتھ ہونی چاہئیں کیونکہ وہ ابھی بہت چھوٹے ہیں، ان کا ٹیلنٹ نہ صرف میں بلکہ پاکستانی ٹیم بھی مس کرے گی۔‘‘

سابق پاکستانی کپتان عمران خان پہلے ہی محمد عامر کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ وہ عمر کے اس حصے میں سابق فاسٹ باؤلر وسیم اکرم سے بہتر باؤلر ہیں۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ عامر میں کچھ تو ضرور ہوگا جس کی وجہ سے عمران خان نے اس کی تعریف کی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق یہ کہہ چکے ہیں کہ محمد عامر کی کھیل میں واپسی کا فیصلہ آئی سی سی اور پاکستانی کرکٹ بورڈ ہی کرے گا اور وہ اس موقع پر اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

XS
SM
MD
LG