رسائی کے لنکس

چار روزہ ٹیسٹ کی مخالفت میں مزید کرکٹرز سامنے آگئے


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے مارچ میں ہونے والے اجلاس کے دوران ٹیسٹ میچ کو پانچ کے بجائے چار روز کرنے کی تجویز پر بات ہو گی۔ (فائل فوٹو)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے مارچ میں ہونے والے اجلاس کے دوران ٹیسٹ میچ کو پانچ کے بجائے چار روز کرنے کی تجویز پر بات ہو گی۔ (فائل فوٹو)

سابق اور موجودہ ٹیسٹ کرکٹرز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو پانچ روز کے بجائے چار روز کرنے کی تجویز کی شدید مخالفت سامنے آرہی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مارچ میں ہونے والے اجلاس کے دوران ٹیسٹ میچ کو پانچ کے بجائے چار روز کرنے کی تجویز پر بات ہو گی۔

تاہم اس سے قبل کرکٹرز کی جانب سے اس تجویز کی شدید مخالفت سامنے آ رہی ہے۔

مایہ ناز سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ کو چار روز کرنے کی مخالفت کی تھی لیکن اب اس تجویز کی مخالفت کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے رکن اور سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے بھی اس تجویز کے خلاف ہیں۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق جے وردھنے کا کہنا ہے کہ ہم اس معاملے پر آئی سی سی کے اجلاس میں بات کریں گے تاہم ذاتی طور پر میں چاہتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ کو پانچ روز تک ہی رکھا جائے۔

حال ہی میں انگلش کرکٹ بورڈ نے چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی حمایت پر رضامندی ظاہر کی تھی تاہم انگلش کرکٹرز اس تجویز سے ناخوش ہیں۔

جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد انگلش ٹیم کے کپتان جوئے روٹ اور آل راؤنڈر بین اسٹوک سے جب ٹیسٹ کرکٹ کو چار روز تک محدود کرنے کا سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کی مخالفت کی تھی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی ٹیسٹ کرکٹ کو چار روز کرنے کے خلاف بیان دے چکے ہیں۔

انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوک کا کہنا ہے کہ ہمیشہ ٹیسٹ کرکٹ پر بھی کیوں سوال اٹھتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا بہترین فارمیٹ ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سابق کرکٹر روی شاستری بھی ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق نئی تجویز کے حامی نہیں ہیں۔

بھارتی نیوز چینل 'نیوز 18' سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی تجویز احمقانہ ہے۔ پانچ روزہ کرکٹ کو مسخ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کا کہنا ہے کہ "مجھے چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی تجویز پسند نہیں۔" ان کے بقول، وہ اب تک 100 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جن میں سے بعض میچ تین اور بعض چار دن میں بھی ختم ہوئے لیکن پانچ روزہ ٹیسٹ کرکٹ ایک ٹرینڈ ہے جو اپنی عظیم تاریخ رکھتا ہے۔

گزشتہ ماہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی کہا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن کی کمی کر دی گئی تو یہ بات کہیں رکے گی نہیں۔ بعد میں کہا جائے گا کرکٹ میں تفریح کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کو تین دن پر لے آیا جائے۔

XS
SM
MD
LG