جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسئس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کی جانب سے پیش کردہ 'سوپر سیریز' کی تجویز پر کڑی تنقید کی ہے۔
بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل کرکٹ کے تین بڑے ملکوں نے بگ تھری آئیڈیا مسترد ہونے کے بعد یہ تجویز پیش کی تھی کہ ان تین ملکوں اور ایک چوتھی ٹیم کے درمیان سوپر سیریز کا انعقاد کیا جائے۔
انگلینڈ کے خلاف اتوار کو 107 رنز سے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان سے سوپر ٹیسٹ سیریز کے بارے میں سوال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک برس سے ہم ان تینوں ملکوں کی طرف سے مخصوص انداز کی تجاویز سن رہے ہیں۔ ان تینوں ملکوں کے درمیان دوسرے ملکوں کے مقابلے میں پہلے ہی کہیں زیادہ میچ کھیلے جا رہے ہیں۔
ڈو پلیسئس نے کہا کہ چند ٹیموں پر مشتمل سوپر سیریز کے بجائے زیادہ ٹیموں کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ کرکٹ ترقی کرے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میچوں کا پروگرام ترتیب دیتے وقت، اور خاص طور پر ٹیسٹ میچوں کے لیے آئرلینڈ اور افغانستان جیسی نئی ٹیموں کو میچ حاصل کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ وہ نسبتاً کم بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں جو غیر منصفانہ ہے۔
بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ایک منتخب ٹیم کے درمیان سوپر سیریز کی تجویز بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ سورو گنگولی نے دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس سلسلے میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اس تجویز کے مطابق پہلی سوپر سیریز 2021 میں بھارت میں کھیلی جائے گی اور پھر یہ ہر سال باری باری ان تینوں ملکوں میں منعقد ہوگی۔