رسائی کے لنکس

لائن آف کنٹرول پر گولہ باری سے پاکستانی علاقے میں چار افراد زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی "بلا اشتعال فائرنگ" سے چار عام شہری زخمی ہو گئے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی 'آئی ایس پی آر' کی طرف سےجاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے ہفتہ کو دیر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے نکیال سیکٹر میں واقع تھروٹی گاؤں پر فائرنگ کی اور اس کے جواب میں پاکستانی فوج نے جوابی فائرنگ کی۔

پاکستانی فوج نے اپنے بیان میں یہ بھی بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔

بھارت کی طرف سے پاکستان فوج کے اس تازہ بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

کشمیر کا علاقہ شروع ہی سے متنازع ہے جس کا ایک حصہ پاکستان جب کہ دوسرا بھارت کے زیر انتظام ہے۔

پاکستان اور بھارت نے 2003 میں کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کا معاہدہ کیا تھا تاہم دونوں ہی ملک ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام عائد کرتے ہیں۔

گزشتہ ایک سال کے دوران لائن آف کنٹرول پر فائرنگ و گولہ باری کے تبادلوں میں دونوں جانب درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG