رسائی کے لنکس

ایل او سی پر فائرنگ کا تبادلہ، پاکستانی قیادت کا وانی کو 'خراج عقیدت'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازع علاقے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر فورسز کے درمیان فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور دونوں ملکوں نے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری ایک بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے ستوال اور چڑی کوٹ سیکٹر میں "بلااشتعال" فائرنگ کی جس سے ایک لڑکی سمیت دو افراد ہلاک اور دیگر تین شہری زخمی ہو گئے۔

بیان میں بتایا گیا کہ پاکستانی فورسز نے اس فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔

فائربندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات نائب بھارتی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور اس بات پر زور دیا کہ بھارت 2003ء کے فائربندی معاہدے کا احترام کرے۔

دوسری طرف بھارتی فوجی حکام کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر میں پاکستانی فورسز کی طرف سے مبینہ طور پر داغا گیا ایک گولہ ایک مکان پر گرا جس سے یہاں موجود ایک بھارتی فوجی اور اس کی اہلیہ ہلاک ہو گئے۔

پاکستان اور بھارت کی فورسز کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن یہ تازہ واقعات ایک ایسے وقت پیش آئے ہیں جب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک سال قبل ایک علیحدگی پسند نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے چلی آرہی کشیدہ صورتحال میں ہفتہ کو وانی کی پہلی برسی کے موقع پر تناؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ہفتہ کو اپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بھارت اپنے ہاں کشمیر میں پیدا ہونے والی خراب صورتحال کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے برہان وانی کو ایک ہیرو قرار دینے پر اسلام آباد کو تنقید کا نشانہ بنا چکا ہے۔

پاکستان ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتا ہے کہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت جائز حیثیت حاصل ہے اور وہ اس کے لیے کشمیری عوام کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی آواز کو نہیں دبا سکتا اور وانی نے اپنی جان کی قربانی دے کر ان کے بقول کشمیری جدوجہد میں نئی روح پھونک دی ہے۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ برہان وانی اور کمشیری نوجوانوں کی قربانیاں کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

پاکستانی قائدین کے ان تازہ بیانات پر بھارت کی طرف سے تاحال کوئی ردعمل تو سامنے نہیں آیا لیکن نئی دہلی، اسلام آباد کے ایسے بیانات کو ماضی میں اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت سے تعبیر کرتے ہوئے پاکستان کو اس سے باز رہنے کی تلقین کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG